پنجاب حکومت نے ٹرانسپورٹ کرایوں میں اضافہ ر کوا دیا

 پنجاب حکومت نے ٹرانسپورٹ کرایوں میں اضافہ ر کوا دیا

مالکان نے پبلک ٹرانسپورٹ اورگڈز ٹرانسپورٹ کے ازخود کرائے بڑھا دیئے تھے

لاہور (سٹاف رپورٹر سے ،نیوز ایجنسیاں) پنجاب حکومت نے ٹرانسپورٹ کرایوں میں اضافہ ر کوا دیا ،ازخود بڑھائے گئے کرائے واپس ،خلاف ورزی پر سخت ایکشن کیلئے  ضلعی انتظامیہ اور آر ٹی اے متحرک ۔تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد ٹرانسپورٹروں نے مختلف شہروں کو جانے والی پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں ازخود 60 سے 470 روپے تک اورگڈز ٹرانسپورٹرز نے پانچ فیصد تک کرایوں میں اضافہ کردیا،پبلک ٹرانسپورٹ مالکان کی جانب سے چار فیصد تک کرایوں میں اضافہ سے شہریوں کو اضافی مالی بوجھ کا سامنا کرنا پڑا تاہم پنجاب حکومت نے نوٹس لیتے ہوئے ازخود بڑھائے کرائے واپس کروا دیئے ،موجودہ کرایہ نامہ ہی نافذ العمل رہے گا، اس فیصلے پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے ڈپٹی کمشنرز اور ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹیز کو واضح ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔لاہور سمیت مختلف اضلاع میں ٹرانسپورٹ کمپنیوں نے کرایہ نہ بڑھانے کے بیانِ حلفی محکمہ ٹرانسپورٹ کو جمع کروا دیئے ہیں اورریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی ٹیموں کو بس اڈوں پر تعینات کر دیا گیا ہے ۔ ٹرانسپورٹرز نمائندگان کے مطابق موجودہ معاشی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے فوری طور پر کرایوں میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ عام شہریوں کو اضافی بوجھ سے بچایا جا سکے ۔حکام کا کہنا ہے کہ کسی بھی ٹرانسپورٹر کو ازخود کرایہ بڑھانے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر نے کرائے نہ بڑھانے کے فیصلے پر ٹرانسپورٹرز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ خوشی ہے ٹرانسپورٹرز برادری مشکل وقت میں حکومت کے ساتھ کھڑی ہے ۔ادھر صدر پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس ملک شہزاد اعوان نے پٹرولیم قیمتوں میں اضافے پر اپنے بیان میں کہا تھا کہ ہم 5 فیصد گڈز ٹرانسپورٹ کے کرائے بڑھا رہے ہیں، وفاقی حکومت ٹول ٹیکس، ود ہولڈنگ ٹیکس سمیت موٹروے اور ٹریفک پولیس کے چالان ختم کرنے کا اعلان کرے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں