اسحاق ڈار سے ترک سفیر کی ملاقات،امن کیلئے پاکستانی کردارکی تعریف
نائب وزیراعظم کاپاکستان،ترکیہ سٹریٹجک شراکت داری مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار سابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی ،چیئرپرسن پیمرا عنبرین، ڈاکٹر عذرا کی بھی ملاقاتیں
اسلام آباد (اے پی پی)نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹراسحاق ڈار سے پاکستان میں ترکیہ کے سفیر عرفان نذیراوغلو نے جمعہ کو یہاں ملاقات کی، دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ترکیہ کے سفیر نے مشرق وسطٰی کے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کیلئے پاکستان کی جاری کوششوں کے لئے ترک صدر رجب طیب اردوان کی تعریف اور حمایت سے آگاہ کیا، ملاقات کے دوران نائب وزیراعظم نے خطے میں پائیدار امن کو آگے بڑھانے کیلئے پاکستان کے مسلسل عزم کا اعادہ کیا، قریبی روابط اور باقاعدہ اعلیٰ سطح کے تبادلوں کو سراہتے ہوئے نائب وزیرِ اعظم نے پاکستان،ترکیہ سٹریٹجک شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔علاوہ ا زیں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے سابق چیئرمین سینیٹ میر صادق خان سنجرانی اور ان کے بھائی میر اعجاز خان سنجرانی نے ملاقات کی اور ملکی وبین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا ۔دریں اثنا اسحاق ڈار سے پیمراکی چیئرپرسن عنبرین جان نے بھی ملاقات کی، عنبرین جان نے علاقائی تنازع کے حل میں ثالثی اور سہولت کاری کی کوششوں کے ذریعے خطے اور اس سے باہر امن و سلامتی کے فروغ میں نائب وزیرِ اعظم اور وزارتِ خارجہ کی ٹیم کے کردار کو سراہا۔ مزید برآں اسحاق ڈار سے صوبائی وزیرِ صحت و آبادی ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے ملاقات کی ،صوبائی وزیرنے وفاقی وصوبائی اداروں کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے میں سینیٹر محمد اسحاق ڈارکے کردار کو سراہا۔