مذاکرات امن و استحکام کا واحد راستہ ، اسحاق ڈار کا ایرانی وزیر خارجہ سے رابطہ

 مذاکرات امن و استحکام کا واحد راستہ  ، اسحاق ڈار کا ایرانی وزیر خارجہ سے رابطہ

وزیر خارجہ اور عباس عراقچی کی خطے کی صورتحال،پاکستان کی امن و استحکام کے لئے سفارتی کوششوں پر گفتگو اسحاق ڈار سے نارویجن نائب وزیرِ خارجہ کی ملاقات،تعلقات کو مضبوط بنانے ،تعاون کو وسعت دینے کا جائزہ

اسلام آباد(اے پی پی ،مانیٹرنگ ڈیسک) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے گزشتہ رات ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ،ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان گفتگو میں خطے کی مجموعی تازہ صورتحال اور پاکستان کی جانب سے امن و استحکام کے لیے جاری سفارتی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا،ایرانی وزیر خارجہ نے فریقین کے درمیان تعمیری کردار اور مخلصانہ ثالثی کی کوششوں پر پاکستان کے کردار کی تعریف کی ،اس موقع پر اسحاق ڈار نے خطے میں تعمیری روابط کے فروغ کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ مسائل کے پُرامن حل اور دیرپا امن و استحکام کے حصول کے لیے مذاکرات اور سفارتکاری ہی واحد قابل عمل راستہ ہیں۔

دریں اثنا نائب وزیرِ اعظم ووزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے ناروے کے نائب وزیرِ خارجہ آندریاس موٹزفیلٹ کراوک نے وزارتِ خارجہ میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا،دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیرِ اعظم نے خطے اور اس سے باہر امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کی جانب سے روابط اور مکالمے کے تسلسل کی کوششوں کو اجاگر کیا۔نارویجن وزیر خارجہ نے پاکستان کے تعمیری کردار اور تنازع کے پرامن اور پائیدار حل کے لیے جاری کوششوں کی حمایت کا اعادہ کیا۔دونوں فریقین نے باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور تعاون کو وسعت دینے کے امکانات کا بھی جائزہ لیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں