معرکۂ حق سنہری باب، بھارت کو عبرتناک شکست ہوئی:بلاول

معرکۂ حق سنہری باب، بھارت کو عبرتناک شکست ہوئی:بلاول

فتح ہتھیاروں نہیں، عزم و حوصلے کی جیت تھی، پاکستان مشکلات کے باوجود ڈٹ کر کھڑا رہا چند گھنٹوں میں بھارت کو اپنی اصل حیثیت کا اندازہ ہو گیا: مراد علی شاہ، شرجیل میمن

کراچی (دنیا نیوز، مانیٹرنگ ڈیسک، خبر ایجنسیاں) بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ معرکۂ حق پاکستان کی تاریخ کا ایک سنہری باب ہے جس میں پوری قوم نے اتحاد، جذبے اور عزم کی مثال قائم کی اور بھارت کو عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑا۔سندھ حکومت کے زیر اہتمام کراچی میں معرکۂ حق کی کامیابی کے ایک سال مکمل ہونے پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی صرف ہتھیاروں کی نہیں بلکہ قومی عزم، حوصلے اور یکجہتی کی جیت تھی۔ انہوں نے کہا کہ مشکل حالات کے باوجود پاکستان ڈٹ کر کھڑا رہا اور پوری قوم نے دشمن کا مقابلہ کیا۔بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستانی سفارتکاروں نے بھی عالمی سطح پر مؤثر انداز میں ملک کا مقدمہ پیش کیا اور دنیا کو واضح پیغام دیا کہ پاکستان کسی دباؤ کے آگے جھکنے والا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی پوری قوم کی مشترکہ جدوجہد اور قربانیوں کا نتیجہ ہے جس پر ہر پاکستانی کو فخر ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ امن کو ترجیح دی، لیکن جب بھی چیلنج آیا قوم اور مسلح افواج نے متحد ہو کر اس کا بھرپور جواب دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ فتح کسی ایک ادارے کی نہیں بلکہ پوری قوم کی ہے اور نوجوان اس کامیابی کے اصل وارث ہیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ بھارت نے پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھا تو اسے چند گھنٹوں میں اپنی اصل حیثیت کا اندازہ ہو گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی افواج نے مؤثر جواب دیتے ہوئے دشمن کے کئی طیارے مار گرائے اور اپنی برتری ثابت کی۔سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ معرکۂ حق کے دوران پاک فوج نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا اور یہ دن پوری قوم کیلئے عید سے کم نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک مضبوط ریاست ہے اور پوری قوم اپنی مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے ۔تقریب میں اعلیٰ سول و عسکری حکام، ارکان اسمبلی اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی، جبکہ معرکۂ حق سے متعلق دستاویزی فلم بھی پیش کی گئی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں