معرکہ حق میں کامیابی کا سال مکمل ،شہر شہرریلیاں، جشن
تاریخی کامیابی پرشہریوں کاپاک فوج سے بھرپوراظہار یکجہتی،خراج تحسین پیش
اسلام آباد،راولپنڈی(دنیا نیوز،نیوز ایجنسیاں) معرکہ حق میں کامیابی کا سال مکمل ہونے پر شہر شہر جشن کا سماں ، ملک بھر میں چھوٹے بڑے شہروں میں ریلیاں نکالی گئیں ،شرکا نے افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے بھرپور خراج تحسین پیش کیا۔کراچی سے خیبر اور کشمیر سے گوادر تک تاریخی کامیابی کا جشن منایا گیا۔آزاد کشمیر، پنجاب، سندھ ، بلوچستان، خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں تقاریب ہوئیں جن میں ملکی حفاظت کیلئے ہر قربانی دینے کا عزم دہرایا گیا۔میرپور آزاد کشمیر میں چیمبر آف کامرس کے زیر اہتمام پرچم کشائی کی گئی اورکیک کاٹا گیا ۔راولپنڈی میں لیاقت باغ سے ریلی نکالی گئی ،تاجر برادری سمیت شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔گوجر خان، وزیرآباد، علی پور، اوکاڑہ، لودھراں،میلسی، حاصل پور اور وہاڑی میں بھی ریلیوں کا اہتمام کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر لاہورعلی اعجاز کی زیر قیادت معرکہ حق کی مناسبت سے سائیکل ریلی کا انعقاد کیا گیا، شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ بلوچستان کے ضلع اوستہ محمد میں صوبائی وزیر میر فیصل خان جمالی کی زیرقیادت ریلی نکالی گئی۔ شرکانے قومی پرچم اٹھا رکھے تھے ۔ ڈیرہ بگٹی، جعفرآباد، لیاقت پور ،ہری پور، میانوالی، لنڈی کوتل، پاکپتن، نارووال ،شکرگڑھ، رینالہ خورد، بہاولنگر، رحیم یار خان، چمن، راجن پور ،کرک ودیگرمقامات پر بھی ریلیاں نکالی گئیں۔