پنوعاقل کے 4مزدور بی ایل اے نے اغوا کئے ، ویڈیو جاری

پنوعاقل کے 4مزدور بی ایل اے نے اغوا کئے ، ویڈیو جاری

سکھر(بیورو رپورٹ)نوشکی سے اغوا ہونے والے پنوعاقل کے چار محنت کشوں کو بی ایل اے نے اغوا کیا، مغویوں کی ویڈیو بھی جاری کردی ہے۔۔۔

 جس میں مغوی سندھ کے محنت کشوں سے بلوچستان میں مزدوری کے لیے نہ آنے کی اپیل کرتے دکھائی دے رہے ہیں، ویڈیو منظر عام پر آتے ہی مغویوں کے گھروں میں کہرام برپا ہوگیا۔، ورثاء نے محفوظ واپسی کی اپیل کی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق چند روز قبل بلوچستان کے علاقے نوشکی میں مزدوری کرنے کے لیے گئے ہوئے پنوعاقل کے مکین چار افراد صاحب علی، سراج علی ، ضمیر گل اور مراد علی جو کہ عید کرنے کے لیے نوشکی سے پنوعاقل آتے ہوئے لاپتہ ہوگئے تھے ان کے اغوا کی تصدیق ہوگئی ہے اور انہیں اغوا کرنے میں بی ایل اے ملوث ہے جس کی تصدیق مغویان نے گزشتہ روز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اپنی ایک ویڈیو میں کی ہے ویڈیو میں مغویان زمین پر بیٹھے ہوئے ہیں اور وہ ہاتھ باندھ کر سندھ کے محنت کشوں سے اپیل کررہے ہیں کہ وہ مزدوری کرنے کے لیے بلوچستان خصوصاً چینی انجینئرز کے پاس کام کرنے کے لیے نہ آئیں مغویان کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد ان کے گھروں میں کہرام مچ گیا ہے اور ان کے والدین صدمے سے دوچار ہیں اور ان کو غشی کے دورے پڑ رہے ہیں جبکہ ان کے ورثاء کی جانب سے مغویان کی بازیابی کے لیے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور نعرے بازی کی گئی مظاہرین نے حکومت اور اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مغویان کی بحفاظت بازیابی کو یقینی بنائیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں