سائنسدانوں نے تربوز کا حیران کن فائدہ دریافت کرلیا
لاہور(نیٹ نیوز)نئی تحقیقی رپورٹس میں بتایا گیا کہ تربوز جسم میں پانی کی کمی دور کرنے کے علاوہ بھی بہت زیادہ مفید ہوتا ہے ۔جرنل نیچر میں شائع تحقیقی رپورٹس میں دریافت کیا گیا کہ جو افراد تربوز کھانا پسند کرتے ہیں، ان کے دل اور خون کی شریانوں کے افعال بہتر ہوتے ہیں جبکہ مجموعی صحت کو بھی فائدہ ہوتا ہے ۔
تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ اس پھل کو کھانے والے افراد زیادہ غذائی فائبر، میگنیشم، پوٹاشیم، وٹامن سی، وٹامن اے ، لائیکوپین اور دیگر کیروٹین مرکبات کو جزوبدن بناتے ہیں جبکہ چینی کا کم استعمال کرتے ہیں۔ایک اور تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ تربوز میں 2 ایسے قدرتی مرکبات موجود ہوتے ہیں جو جسم میں نائٹرک آکسائیڈ بنانے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔ نائٹرک آکسائیڈ سے خون کی شریانوں کو پرسکون رہنے اور پھیلنے میں مدد ملتی ہے جو کہ خون کی صحت مند گردش اور دل کے افعال کے لیے اہم ہوتا ہے ۔