شہری کے نام 421گاڑیاں ،20لاکھ سے زائدکا چالان نادہندہ
ای چالان نادہندگان کے جاری جنرل ہولڈاپ میں باز محمد کے نام 1526 چالان رکشے اور 90 فیصد موٹرسائیکلیں بھی شامل ،شہری کی موٹرسائیکل تھانے میں بند
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک )لاہورکے شہری کے نام پر 421 گاڑیاں، رکشے اور موٹر سائیکلیں رجسٹرڈ ہونے کا انکشاف ہوا ہے جبکہ اس کے ذمہ 20لاکھ سے زائدکے چالان واجب الادا ہیں ۔ترجمان ٹریفک پولیس عارف علی رانا کے مطابق شہری باز محمد کے نام پر 421 گاڑیاں، رکشے اور موٹر سائیکلیں رجسٹرڈ ہیں، گاڑیوں کی ملکیت کا انکشاف ای چالان نادہندگان کے خلاف جاری جنرل ہولڈاپ کے دوران ہوا۔باز محمد ملتان روڈ کے علاقے کے رہائشی ہیں اور قسطوں پر گاڑیاں فراہم کرنے کے کاروبار سے وابستہ ہیں۔
ابتدائی معلومات سے پتا چلا ہے کہ رجسٹرڈ گاڑیوں میں قریباً 90 فیصد موٹرسائیکلیں شامل ہیں ،ریکارڈ میں باز محمد کے نام پر مجموعی طور پر 1526 ای چالان بھی واجب الادا ہیں جن کی مالیت 20 لاکھ 88 ہزار 800 روپے سے زائد بنتی ہے ۔ترجمان ٹریفک پولیس نے کہا ہے کہ شہری باز محمد کی موٹرسائیکل تھانہ مسلم ٹاؤن میں بند کردی گئی ہے ۔جبکہ معاملے سے متعلق مزید جانچ کیلئے محکمہ ایکسائز اور سیف سٹی اتھارٹی کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔ سیف سٹی کو باضابطہ خط لکھ کر ریکارڈ کی مزید تصدیق اور کلیئرنس حاصل کرنے کی درخواست بھی کی گئی ہے۔