جی بی میں مینڈیٹ پر ڈاکاپڑا
کراچی (سٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے گلگت بلتستان کے انتخابات پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ انتخابات میں ایک بار پھر عوامی مینڈیٹ پر شب خون مارا گیا اور ووٹرز کے فیصلے کو تبدیل کرنے کی کوشش کی گئی۔
حلیم عادل شیخ نے کہا کہ عام انتخابات کی طرح گلگت بلتستان کے انتخابات میں بھی بڑے پیمانے پر دھاندلی کی گئی اور عوام کے مینڈیٹ کو چوری کیا گیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ عوام کے ووٹ کو مذاق بنا دیا گیا ہے اور انتخابی نتائج پر اثر انداز ہونے کے لیے حکومتی وسائل استعمال کیے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں اور گلگت بلتستان کے انتخابات میں دونوں جماعتوں نے مبینہ طور پر نورا کشتی کا کھیل کھیلا۔ ان کے مطابق الیکشن کمیشن شفاف اور غیر جانبدار انتخابات کرانے میں ناکام رہا۔ حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ جمہوریت کے لیے نقصان دہ ہے اور گلگت بلتستان کے عوام کے حق رائے دہی پر حملہ کیا گیا ہے۔