لاہور سمیت پنجاب میں روٹی 16سے 20روپے تک فروخت

 لاہور سمیت پنجاب میں روٹی 16سے 20روپے تک فروخت

چکی آٹا 175 روپے فی کلو بکنے لگا،انتظامیہ مہنگائی کنٹرول کرنے میں ناکام مہنگا آٹا لیکر سستی روٹی نہیں بیچ سکتے ،سبسڈی دی جائے :نان بائی ایسوسی ایشن

لاہور (عمران اکبر)لاہور سمیت صوبہ بھر میں سادہ روٹی کے نرخ مختلف ہو گئے ہیں، کہیں 16 روپے ، کہیں 18 روپے اور متعدد تندوروں پر 20 روپے میں فروخت جاری ہے ، شہری انتظامیہ مہنگائی اور گراں فروشی پر قابو پانے میں ناکام دکھائی دے رہی ہے جبکہ چکی آٹا 175 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے ، اوپن مارکیٹ میں 10 کلو آٹے کا تھیلا 1200 روپے تک اور 20 کلو تھیلا 2300 روپے تک پہنچ گیا ہے ۔ چند ماہ قبل یہی نرخ بالترتیب 905 روپے اور 1810 روپے تھے ۔تفصیلات کے مطابق لاہور کے مختلف علاقوں رام گلیاں، شادباغ، باغبانپورہ، اسلام پورہ، شاہدرہ، بادامی باغ، سگیاں اور اندرون شہر سمیت دیگر علاقوں میں10 کلو آٹا 1300 روپے اور روٹی 16 سے 18 روپے میں فروخت ہو رہی ہے۔

جبکہ جوہر ٹاؤن، واپڈا ٹاؤن، ویلنشیا، اقبال ٹاؤن، سمن آباد، گلشن راوی، ملتان روڈ اور رائیونڈ سمیت دیگر علاقوں میں روٹی 18 سے 20 روپے تک پہنچ گئی ہے ۔صوبے کے متعدد اضلاع میں بھی سادہ روٹی 20 روپے تک فروخت کی جا رہی ہے ، حالانکہ سرکاری نرخ 14 روپے مقرر ہیں۔ نان بائی ایسوسی ایشن کے مطابق تندور مالکان مہنگا آٹا خرید کر سستی روٹی فروخت نہیں کر سکتے ، جب تک حکومت سبسڈی فراہم نہ کرے ۔دوسری جانب سیکرٹری فوڈ سیفٹی ڈاکٹر کرن خورشید کے مطابق صوبہ بھر میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس روزانہ کی بنیاد پر مارکیٹوں کی مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔ ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے اور ضلعی انتظامیہ عوام کو ریلیف دینے کے لیے متحرک ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں