بجلی بلوں میں کیپسٹی چارجز آئی پی پیز کو ادائیگیوں اور ٹیرف کیخلاف درخواست مسترد
لاہور (کورٹ رپورٹر )لاہور ہائیکورٹ نے بجلی کے بلوں میں کیپسٹی چارجز ،آئی پی پیز کو ادائیگیوں اور ٹیرف کے خلاف دائر آئینی درخواست کو ناقابلِ سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس احمد ندیم ارشد نے اشبا کامران کی درخواست پر 6 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جاری کرتے ہوئے اس میں کہا ہے کہ توانائی کے شعبے میں پالیسی سازی عدلیہ نہیں بلکہ حکومت اور پارلیمنٹ کا اختیار ہے ۔عدالت اقتصادی، مالیاتی اور ریگولیٹری پالیسیوں پر اپیلٹ فورم کے طور پر کام نہیں کر سکتی، محض کسی پالیسی سے اختلاف کی بنیاد پر آئینی درخواست دائر کرنا قابلِ قبول جواز نہیں بنتا۔فیصلے کے مطابق عدالت ریگولیٹر، آڈیٹر یا ماہرِ معاشیات کا کردار ادا نہیں کر سکتی جبکہ کیپسٹی چارجز اور ٹیرف سے متعلق معاملات پالیسی سازوں کے دائرہ اختیار میں آتے ہیں،درخواست گزار کسی بنیادی حق کی خلاف ورزی ثابت کرنے میں ناکام رہی۔