پی ٹی آئی کا گلگت بلتستان میں 15نشستیں جیتنے کا دعویٰ
راولپنڈی،صوابی(مانیٹرنگ ڈیسک،این این آئی)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے دعویٰ کیا کہ گلگت بلتستان میں ہمیں 15 نشستوں پر کامیابی حاصل ہوئی،ہماری 13 نشستیں کسی اورکو دی گئیں تو ہم نہیں مانیں گے۔
راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں پوری جمع تفریق کے بعد ہم 15 نشستوں پر جیتے ہیں ، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن)کے خلاف ہمارا بیانیہ واضح ہے ، جنہوں نے وفاق میں ہمارا مینڈیٹ چوری کیا گلگت میں ان کے ساتھ کیوں حکومت بنائیں گے ، پی ٹی آئی پاور شیئرنگ پر یقین نہیں رکھتی۔ چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی میں کوئی فارورڈ بلاک نہیں،کشمیر پر ہمارا واضح مؤقف ہے ، مسائل کو افہام و تفہیم سے حل کیا جائے۔علاوہ ازیں پی ٹی آئی رہنماء وسابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں حالیہ عام انتخابات میں بھی پی ٹی آئی کے ساتھ پاکستان میں 8فروری کے عام انتخابات والا جیسا معاملہ دہرایا گیا۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ عمران خان آج بھی ملک کے مقبول ترین لیڈر ہیں۔ ظلم، جبر اور عوامی مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالنے کی روش زیادہ دیر تک نہیں چل سکتی اور جس انداز میں یہ نظام چلایا جا رہا ہے اس طرح نہیں چل سکتا۔ گلگت بلتستان کے عوام کا مقدمہ قومی اسمبلی میں بھی لڑیں گے۔