اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی ملاقات

اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی ملاقات

جیل کے باہر موجود کسی پارٹی رہنما یا اہلخانہ کوملاقات کی اجازت نہ ملی عمران خان کو رہا کیا جائے ، وہی پاکستان کو متحد کرسکتے ہیں:علیمہ خان

 راولپنڈی (آن لائن ،این این آئی)راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قید بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ملاقات کرا دی گئی تاہم اڈیالہ جیل کے باہرموجود کسی پارٹی رہنما، وکیل یا اہلخانہ کو بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی۔تفصیلات کے مطابق اڈیالہ جیل میں قید عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ملاقات کرا دی گئی۔ جیل ذرائع کے مطابق ہفتہ وار جیل مینول کے تحت یہ ملاقات کرائی گئی، کانفرنس روم میں ہونیوالی ملاقات تقریباً 45 منٹ تک جاری رہی،دونوں نے ایک دوسرے کی خیریت دریافت کی۔

دوسری طرف اڈیالہ جیل کے باہر بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کا مقررہ وقت ختم ہو گیا اور کسی بھی رہنما، وکیل یا اہلخانہ کو ملاقات کی اجازت نہ دی گئی۔پارٹی ذرائع کے مطابق بیرسٹر گوہر خان اور عمیر نیازی داہگل ناکہ سے واپس روانہ ہو گئے جبکہ علیمہ خان پارٹی کارکنان کے ہمراہ فیکٹری ناکہ پر موجود رہیں، جہاں کارکنوں کی بڑی تعداد بھی جمع رہی۔ علاوہ ازیں عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے اڈیالہ روڈ پر میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ عمران خان کو رہا کیا جائے کیونکہ وہ ملک کو متحد کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ، عوامی احتجاج کے جواب میں طاقت کے استعمال سے گریز کیا جانا چاہیے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں