محرم الحرام:علما کرام کا مذہبی ہم آہنگی برقرار رکھنے پر اتفاق
نفرت انگیز تقاریر کی ممانعت ،دہشت گردی کے خاتمے کیلئے قومی عزم کا اعادہ ایران امریکہ امن معاہدہ پر پاکستانی قیادت کو خراج تحسین ، قومی کانفرنس اعلامیہ
اسلام آباد (اپنے رپورٹرسے )محرم الحرام کے دوران مذہبی ہم آہنگی برقرار رکھنے پر تمام مکاتب فکر کے علما کرام نے اتفاق کرلیا ،اسلامی نظریاتی کونسل نے پیغام پاکستان کی روشنی میںمحرم الحرام کے حوالے سے ضابطہ اخلاق بھی جاری کر دیا جس میں نفرت انگیز تقاریر اور قانون شکنی کی سختی سے ممانعت پر مکمل اتفاق کیا گیا ہے ،تعلیمی اداروں میں اختلاف رائے کے آداب کو نصاب کا حصہ بنانے کی سفارش بھی کی گئی ہے تاکہ نئی نسل میں برداشت، رواداری اور مکالمے کی ثقافت کو فروغ دیا جا سکے ، منگل کو یہاں بین المسالک ہم آہنگی قومی کانفرنس کے اختتام پر جاری اعلامیہ میں نفرت انگیز تقاریر اور قانون شکنی کی سختی سے ممانعت پر مکمل اتفاق کیا گیا اور اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ کسی بھی فرد کی تکفیر کا اختیار صرف عدالتوں کو حاصل ہے۔
اجلاس میں دہشت گردی کی تمام اقسام کو واضح طور پر مسترد کرتے ہوئے اس کے خاتمے کے لئے مشترکہ قومی عزم کا اعادہ کیا گیا جبکہ خواتین، بزرگوں اور بچوں کے حقوق کے تحفظ پر خصوصی زور دیتے ہوئے محرم الحرام کو امن، اتحاد اور صبر کا مہینہ قرار دیا گیا ۔وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے اعلامیہ پڑھ کر سنایا اور کہا کہ ملک میں فرقہ واریت کے خاتمے ، قومی یکجہتی کے فروغ، پاکستا نی قیادت کی علاقائی امن کوششوں کی تحسین، ایران اور امریکا امن معاہدے میں پاکستان کا کردار مثالی ہے ، اجلاس میں پاک فوج اور قوم کے اتحاد کو مثالی قرار دینے اور ملکی سلامتی کے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔