جی بی الیکشن ، 4آزاد امیدوار استحکام پاکستان پارٹی میں شامل
علیم خان سے ملاقات میں محمد دلپذیر ،امان علی، انور علی ، اسد شفیق کی شمولیت
اسلا م آباد (دنیا نیوز،این این آئی)گلگت بلتستان اسمبلی انتخابات میں کامیاب 4آزاد امیدوار استحکام پاکستان پارٹی میں شامل ہوگئے ۔ذرائع کے مطابق آزاد اراکین نے وفاقی وزیرعلیم خان سے ملاقات کے موقع پرشمولیت کا اعلان کیا۔آئی پی پی میں شمولیت اختیار کرنیوالوں میں جی بی اے 15دیامر سے محمد دلپذیر، جی بی اے 21غذر 3سے امان علی، جی بی اے 23گانچھے سے انور علی اور جی بی 24گانچھے 3سے اسد شفیق شامل ہیں، د لپذیر خان کے مطابق ہم چاروں امیدواروں نے گروپ بنا کر آئی پی پی میں شمولیت اختیار کی، ہم دیگر آزاد اورایم ڈبلیو ایم کے امیدوار سے بھی رابطے میں ہیں ، انہوں نے کہا کہ دیگر امیدواروں کو بھی آئی پی پی میں شمولیت کی دعوت دیں گے اور جی بی اسمبلی میں دوسری بڑی پارٹی بن کر ابھرے گی۔