جماعت اسلامی کا پٹرولیم قیمتوں میں کمی کیلئے 19 جون کو ملک گیر مظاہروں کا اعلان

جماعت اسلامی کا پٹرولیم قیمتوں میں کمی کیلئے 19 جون کو ملک گیر مظاہروں کا اعلان

10 یا 15 کی کمی سے کام نہیں چلے گا، پٹرول کی قیمت فوری 225 روپے لٹر مقرر کی جائے :حافظ نعیم غریب اور مڈل کلاس لوگ کب تک شاہی خزانے کا بوجھ اٹھائیں گے ؟ بجلی اور گیس بھی سستی کی جائے :بیان

لاہور(سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ٖڈٰیسک)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے پٹرول کی قیمتوں میں کمی کے لیے ملک گیر مظاہروں کا اعلان کیا ہے ۔ لاہور سے جاری بیان میں حافظ نعیم الرحمن نے کہا پٹرول کی قیمتوں میں کمی کیلئے 19 جون کو ملک گیر مظاہرے کیے جائیں گے ، جماعت اسلامی جمعہ کو تمام ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز پر بڑے مظاہرے کرے گی۔ انکا کہنا تھا کہ اب پٹرول کی قیمت میں 10 یا 15 روپے کمی سے کام نہیں چلے گا، فوری طور پر قیمت 225 روپے فی لٹر پر لائی جائے ۔ نعیم الرحمن نے کہا کہ پٹرول کی قیمتوں کو تین سال کے لیے منجمد کیا جائے ، ایران امریکا معاہدے کے بعد عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمت گر رہی ہے۔حکومت فی لٹر پٹرول پر 116 روپے لیوی سمیت 150 روپے ٹیکسز وصول کر رہی ہے ، لیوی کی فوری کٹوتی کی جائے۔

حافظ نعیم نے کہا کہ غریب اور مڈل کلاس عوام کب تک شاہی خزانے کا بوجھ اٹھائیں گے ؟ بجلی اور گیس کی قیمتوں میں بھی کمی کی جائے ۔ایک طالب علم جس کی کوئی قابل ٹیکس آمدنی نہیں، وہ پٹرول پر ٹیکس کیسے ادا کرے ؟ ایک موٹر سائیکل چلانے والا جو پورے مہینے میں 40، 50 ہزار روپے کماتا ہے ، اس سے بھی فی لٹر بھاری ٹیکس وصول کیا جا رہا ہے ، جو ظلم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ رقم غریب عوام، مزدوروں، کسانوں اور متوسط طبقے سے وصول کی جا رہی ہے ۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکومت اپنی گاڑیوں، مراعات اور غیر ضروری اخراجات میں کمی کے بجائے عوام پر بوجھ ڈال رہی ہے ۔حافظ نعیم نے کہا کہ اب فیصلہ کن وقت آ گیا ہے ، حکومت کو عوام پر بوجھ ڈالنے کی پالیسی ختم کرنا ہوگی تاکہ معیشت کا پہیہ چل سکے ، صنعتیں ترقی کر سکیں اور عام آدمی کو ریلیف مل سکے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں