قومی اسمبلی میں 6 وزارتوں کی کٹوتی تحاریک پیش ہونگی
کابینہ ڈویژن، توانائی، فنانس ، داخلہ ونارکوٹکس، فوڈ سکیورٹی،تخفیف غربت شامل اپوزیشن کی حکمت عملی شروع، حکومت کی اپنے ارکان کو ایوان میں رہنے کی ہدایت
اسلام آباد (سہیل خان)قومی اسمبلی میں مالیاتی بجٹ 2026-27کیلئے 6وزارتوں کی کٹوتی کی تحاریک پیش کی جائیں گی، ان وزارتوں میں کیبنٹ ڈویژن، توانائی، فنانس اینڈ ریونیو، وزارت داخلہ و اینٹی نارکوٹکس، نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ اور تخفیف غربت وسماجی تحفظ شامل ہیں۔ کٹوتی کی تحاریک کیلئے اپوزیشن نے حکمت عملی بنانا شروع کر دی، دوسری طرف حکومت نے حلیف جماعتوں کے ارکان کو کٹوتی کی تحاریک پیش کرنے کے موقع پر ایوان میں موجود رہنے کی ہدایت کر دی تاکہ رائے شماری کے موقع پر حکومت کو کوئی مشکل پیش نہ آئے ۔ بتایا گیا ہے کہ اس حوالے سے متعلقہ وزارتوں، ڈویژن کے علاوہ ایڈیشنل سیکرٹری (بجٹ) فنانس اینڈ ریونیو اور وزارت پارلیمانی امور کو آگاہ کر دیا گیا ۔ ذرائع کے مطابق کٹوتی کی تحاریک کا مرحلہ 2روز میں مکمل کر لیا جائے گا۔ اس سلسلہ میں قومی اسمبلی میں تمام چیف وہپ کو اپنے اراکین کو آگاہ کرنے کی ہدایت بھی کر دی گئی۔