راولپنڈی ،مری کے 2 فلاحی منصوبوں کیلئے 10 کروڑ روپے مختص
راولپنڈی میں قائم وائلنس اگینسٹ ویمن سینٹر ، مری صنعت زارکیلئے 5، 5 کروڑکا بجٹ
راولپنڈی(زاہداعوان )محکمہ سوشل ویلفیئر پنجاب کے سالانہ ترقیاتی پروگرام برائے مالی سال 2026-27 کے تحت راولپنڈی ڈویژن میں جاری اہم فلاحی منصوبوں کے لیے نئے بجٹ میں مجموعی طور پر 10 کروڑروپے کے نئے فنڈز مختص کر دئیے گئے ہیں جبکہ ان دونوں منصوبوں کی مجموعی تخمینہ لاگت کا حجم تقریباً 31 کروڑ 80 لاکھ روپے سے زائد ہے ۔ سرکاری دستاویزات کے مطابق ضلع مری میں ڈسٹرکٹ انڈسٹریل ہوم(صنعت زار)مع ایڈمن بلاک کے جاری منصوبے کی تکمیل کے لیے نئے مالی سال کے بجٹ میں 5 کروڑ روپے کے فنڈز فراہم کرنے کی منظوری دی گئی ہے ، جس میں 1 کروڑ 28 لاکھ روپے کیپٹل اور 3 کروڑ 72 لاکھ روپے ریونیو اخراجات کی مد میں استعمال کیے جائیں گے ۔صنعت زار مری کے اس اہم منصوبے کی مجموعی تخمینہ لاگت 16 کروڑ 37 لاکھ روپے ہے ، جس پر جون 2026 تک 64 لاکھ روپے سے زائد کے اخراجات آ چکے ہیں ۔ دوسری جانب راولپنڈی ڈویژنل ہیڈ کوارٹر میں خواتین پر تشدد کے خاتمے کے لیے قائم کیے جانے والے ''وائلنس اگینسٹ ویمن سینٹر''کے بقیہ تعمیراتی کاموں کے لیے نئے مالی سال 2026-27 کے بجٹ میں 5 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں، جس میں سے 1 کروڑ 23 لاکھ روپے کیپٹل اور 3 کروڑ 76 لاکھ روپے ریونیو فنڈز پر مشتمل ہوں گے۔