5ٹرینیں ٹھیکے پر دیدی گئیں، 10 کو کوئی بڈ نہ مل سکی

5ٹرینیں ٹھیکے پر دیدی گئیں، 10 کو کوئی بڈ نہ مل سکی

عوام،ملت،قراقرم ،میانوالی اور نارووال پسنجر ٹرین کو اب نجی شعبہ چلائے گا 10 ارب 78 کروڑ 23 لاکھ آمدن ، بنچ مارک کا جائزہ لیں گے ،ترجمان ریلوے

لاہور (اپنے کامرس رپورٹر سے )پاکستان ریلوے کی 15 میں سے 5 ٹرینوں کو ٹھیکے پر دیدیا گیا ، 10 ٹرینوں کے لیے کوئی بڈ نہ مل سکی ، 5 ٹرینوں کی آؤٹ سورسنگ سے پاکستان ریلوے کو 10 ارب 78 کروڑ 23 لاکھ روپے کی آمدن ہوئی ہے ، ذرائع کے مطابق 10 ٹرینوں کے لیے مقرر کردہ بنچ مارک زیادہ ہونے کے باعث کمپنیاں بڈز جمع کرانے سے گریزاں ہیں،پاکستان ریلوے نے 15 ٹرینوں کی آؤٹ سورسنگ کے لیے مجموعی طور پر 25 ارب 3 لاکھ روپے کا بنچ مارک مقرر کیا تھا،اوپن آکشن میں بڈز نہ ملنے پر 10 ٹرینوں کی آؤٹ سورسنگ مؤخر کر دی گئی۔

نجی شراکت داروں کے سپرد ہونے والی ٹرینوں میں عوام،ملت،قراقرم ،میانوالی اور نارووال پسنجر ٹرین شامل ہیں ،عوام ایکسپریس 3ارب 56 کروڑ ،قراقرم 3 ارب 90 کروڑ 15 لاکھ میں نیلام ہوئی، ملت ایکسپریس 2 ارب 77 کروڑ 28 لاکھ ،میانوالی 40 کروڑ 10 لاکھ میں نیلام ہوئی، نارووال پسنجر 14 کروڑ 70 لاکھ میں نیلام ہوئی ، ٹرینوں کی آئوٹ سورسنگ کی حتمی منظوری ریلوے انتظامیہ دے گی، ریلوے انتظامیہ آئندہ مرحلے میں بنچ مارک اور شرائط کا ازسرنو جائزہ لینے پر غور کرے گی،ترجمان ریلوے کا کہنا ہے کہ ٹرینوں کے لیے بنچ مارک زیادہ رکھے گئے جس کا مقصد زیادہ سے زیادہ آمدن حاصل کرنا ہے ،پانچ ٹرینوں کی آکشن بہترین ریٹس پر کی گئی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں