190ملین پاؤنڈ کیس، بانی و بشریٰ کی اپیلوں پر آج سماعت
عدالت نے وکلا کو دلائل کیلئے حتمی مہلت دی تھی، ڈویژن بینچ سماعت کرے گا
اسلام آباد، راولپنڈی (اپنے نامہ نگار سے ، خبر نگار)اسلام آباد ہائیکورٹ نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سزا کے خلاف بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی مرکزی اپیلیں آج سماعت کیلئے مقرر کر دی،عدالت نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کے خلاف توہین عدالت کی درخواستیں سماعت کیلئے مقرر کر دی ہیں، چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس آصف پر مشتمل ڈویژن بینچ آج سماعت کرے گا۔
علاوہ ازیں اسلام آباد ہائیکورٹ میں زیر سماعت بانی پی ٹی آئی سے سپریم کورٹ میں اپیل کیلئے پاور آف اٹارنی سے متعلق کیس میں درخواست گزار نے دستخط شدہ پاور آف اٹارنی کی فراہمی کی بنیاد پر درخواست واپس لے لی جو عدالت نے نمٹا دی۔ انسداد دہشتگردی عدالت راولپنڈی نے 26 نومبر احتجاج پر درج مقدمہ میں علیمہ خان کی 21 افراد کو بطور عدالتی گواہ طلب کرنے کی درخواست پر سماعت 24 جون تک ملتوی کر دی۔ ملزمہ کے وکیل نے دلائل مکمل کر لئے ۔ میڈیا سے گفتگو میں علیمہ خان نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ روز پانچ ہزار لوگ اڈیالہ آئے ، یہ شروعات ہے ۔ رانا ثناء کو کہیں گے اگلے ہفتے آپ بھی آئیں۔ گورنر کے پی نے صحیح کہا مجھے بجٹ کی اے بی سی نہیں آتی ،صوبے کی حکومت چلانا اور بیلنس میں رہنا آسان کام نہیں ۔