ہمت کارڈ پروگرام پر عملدرآمد میں مبینہ غفلت، 7 افسر معطل

ہمت کارڈ پروگرام پر عملدرآمد میں مبینہ غفلت، 7 افسر معطل

تمام افسروں کو فوری محکمہ خصوصی تعلیم پنجاب میں رپورٹ کرنے کی ہدایت جمیل نواز، حمیرا ، عفت ، اورنگزیب بھٹی، عفیفہ ، سمیرا عزیز اور فرحان شامل

لاہور(خبر نگار)ہمت کارڈ پروگرام پر عملدرآمد میں مبینہ غفلت برتنے پر محکمہ خصوصی تعلیم پنجاب نے سخت کارروائی کرتے ہوئے سات سینئر افسروں کو پیڈا ایکٹ کے تحت معطل کر دیا۔محکمہ خصوصی تعلیم کے جاری کردہ احکامات کے مطابق معطل کیے جانے والے افسروں میں انچارج ہیڈ جمیل نواز، ہیڈ مسٹریس حمیرا ندیم، عفت جمیل، ہیڈ ماسٹر اورنگزیب بھٹی، عفیفہ ادریس، سمیرا عزیز اور فرحان رسول شامل ہیں۔محکمانہ ذرائع کے مطابق ہمت کارڈ سے متعلق ہدایات پر عملدرآمد میں کوتاہی اور انتظامی غفلت کے الزامات کے تحت مذکورہ افسران کو نوے روز کے لیے معطل کیا گیا ہے۔

تمام افسروں کو فوری طور پر محکمہ خصوصی تعلیم پنجاب میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔محکمہ خصوصی تعلیم کی جانب سے معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں جبکہ آئندہ کارروائی کا فیصلہ انکوائری رپورٹ کی روشنی میں کیا جائے گا۔دوسری جانب سپیشل ایجوکیشن سینئر سٹاف ایسوسی ایشن پنجاب نے اس اقدام پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے معطلیوں کو ناانصافی قرار دیا ہے ۔ ایسوسی ایشن کا کہنا ہے متعلقہ افسروں کے خلاف کی جانے والی کارروائی کا ازسرنو جائزہ لیا جائے اور انہیں فوری طور پر بحال کیا جائے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں