حق مہر کی مکمل ادائیگی تک بیوی شوہر سے علیحدہ رہ سکتی ہے : لاہور ہائیکورٹ
لاہور(کورٹ رپورٹر)لاہور کے جسٹس مزمل اختر شبیر نے حق مہر کی ادائیگی سے متعلق ایک اہم فیصلہ جاری کرتے ہوئے نیا قانونی نکتہ طے کر دیا، عدالت نے قرار دیا کہ حق مہر بیوی کا بنیادی قانونی حق ہے جس کی ادائیگی شوہر پر لازم ہے۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں واضح کیا کہ حق مہر کی مکمل ادائیگی تک بیوی کو یہ اختیار حاصل ہے کہ وہ شوہر سے علیحدہ رہ سکتی ہے، نکاح کے بعد شوہر پر بیوی کی کفالت اور نان و نفقہ کی مکمل ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ جسٹس مزمل اختر شبیر نے عرفان سرفراز کی آئینی درخواست پر 10صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے اپیلٹ کورٹ کے دائر اختیار کے خلاف درخواست خارج کر دی، فیصلے میں کہا گیا کہ شواہد کا جائزہ لینا فیملی کورٹ کا دائرہ اختیار ہے اور یہ اختیار قانون کے مطابق درست طور پر استعمال کیا گیا۔ عدالت کے مطابق درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ اس نے چار کنال زرعی زمین کے عوض چار لاکھ روپے ادا کیے ، تاہم وہ اس ادائیگی کے کوئی قابلِ قبول شواہد پیش نہ کر سکا۔عدالت نے فیصلے میں قرار دیا کہ ایک سمجھدار شخص یہ تسلیم نہیں کرے گا کہ اتنی بڑی رقم بغیر کسی رسید یا ثبوت کے ادا کی گئی ہو۔