رمضان آتے ہی ہدایات دی جاتی ہیں کمائی کامہینہ ہے گھی مہنگاکردو:سپریم کورٹ
اسلام آباد(کورٹ رپورٹر)سپریم کورٹ میں رمضان کے دوران کوکنگ آئل اور گھی کی قیمتوں میں مبینہ اضافے کے خلاف دائر کیس کی سماعت کے دوران جسٹس عرفان سعادت نے ریمارکس دیئے کہ رمضان آتے ہی ہدایات دے دی جاتی ہیں کہ کمائی کا مہینہ ہے، گھی مہنگا کر دو۔
مسابقتی کمیشن کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ عالمی منڈی میں پام آئل کی قیمتیں کم ہوئیں تاہم پاکستان میں کوکنگ آئل اور گھی کی قیمتوں میں اس تناسب سے کمی نہیں کی گئی۔ یہ قیمتوں کے تعین کا معاملہ ہے اور حکومت نے رمضان پیکیج کے تحت قیمتیں کم کرنے کی ہدایات بھی جاری کی تھیں۔ کمیشن نے پاکستان وناسپتی مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کو بھی قیمتیں کم کرنے کیلئے کہا تھا۔ ایسوسی ایشن کے وکیل نے کہا ایسوسی ایشن اپنے ممبران کو ہدایات جاری کر سکتی ہے قیمتیں کم کرانا اس کے اختیار میں نہیں۔ مسابقتی کمیشن کی جانب سے ان کے خلاف حکم جاری کیا گیا، ایسوسی ایشن کو ذمہ دار قرار نہیں دیا جا سکتا۔ جسٹس جمال خان مندوخیل نے سوال اٹھایا کہ اگر ہدایات پر عمل نہ ہو تو ایسوسی ایشن کیا کر سکتی ہے ؟ ایسوسی ایشن کس حیثیت سے رجسٹر کی گئی۔ وکیل نے بتایا کہ تنظیم ٹریڈ ایکٹ کے تحت رجسٹرڈ اور مقصد ممبران کی فلاح و بہبود ہے ۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ایسے معاملات اکثر سامنے آتے ہیں۔ دلائل سننے کے بعد سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی گئی۔