سیاسی استحکام کیلئے جمہوری قوتوں میں مکالمہ ناگزیر ، قومی ڈائیلاگ کمیٹی
موجودہ بحرانوں سے نکلنے کیلئے قومی حکومت نئے انتخابات ہی دیرپا حل ثابت ہوسکتے سفارتی کوششوں کی کامیابی پر قوم کو فخر ، عمران اسماعیل، محمد علی درانی ، بیرسٹر سیف
اسلام آباد (اپنے رپورٹرسے )نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی کے رہنماؤں سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل، سابق وفاقی وزراء فواد چودھری ، محمد علی درانی، بیرسٹر محمد علی سیف دیگر رہنماؤں نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے حکومت کی کارکردگی پر شدید تنقید کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ موجودہ حکومت فوری طور پر مستعفی ہو کر قومی حکومت کے قیام کی راہ ہموار کرے کیونکہ موجودہ حکومت گورننس، معیشت، سکیورٹی اور عوامی فلاح کے تمام شعبوں میں ناکام ہو چکی ، ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لئے قومی مفاہمت، سیاسی استحکام کیلئے تمام جمہوری قوتوں کے درمیان مکالمہ ناگزیر ہے ۔
پاکستان کو موجودہ بحرانوں سے نکالنے کے لئے قومی حکومت اور نئے انتخابات ہی دیرپا حل ثابت ہو سکتے ہیں،نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عمران اسماعیل نے کہا کہ پاکستان نے حالیہ بین الاقوامی کشیدگی کے دوران امن کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ،عالمی رہنماؤں کی جانب سے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہا گیا اور اس کامیابی پر پوری قوم کو فخر ہونا چا ہئے ،بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ پاکستان کو عالمی سطح پر جو پذیرائی ملی ہے اسے اندرون ملک امن اور استحکام کے قیام کے لیے استعمال کیا جانا چا ہئے ، سابق وفاقی وزیر محمد علی درانی نے کراچی کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہر کے بنیادی مسائل حل نہیں ہو سکے اور سیاسی جماعتوں کو باہمی اختلافات ختم کر کے عوامی مسائل کے حل پر توجہ دینی چاہیے ،فواد چودھری نے کہا کہ موجودہ سیاسی تقسیم کے باعث بڑے قومی منصوبے متاثر ہو رہے ہیں اور قومی حکومت ہی موجودہ بحرانوں سے نکلنے کا راستہ فراہم کر سکتی ہے۔