پنجاب نے مشکل حالات میں بھی متوازن بجٹ دیا : صوبائی وزرا
بجٹ صوبے کے تمام علاقوں میں یکساں ترقی کے وژن کا عکاس:مریم اورنگزیب آمدن بڑھانے کیلئے ایف بی آرطرزکا ادارہ بنائیں گے :مجتبیٰ شجاع،پریس کانفرنس
لاہور (کامرس رپورٹر)پنجاب حکومت نے کہا ہے کہ موجودہ معاشی حالات میں ایک متوازن اور عوام دوست بجٹ پیش کیا گیا ہے جبکہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت کے مطابق ترقیاتی منصوبوں پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ وفاقی حکومت کو دی جانے والی مالی معاونت کے باعث پیدا ہونے والے دباؤ کو صوبے کے اپنے وسائل سے پورا کیا جائے گا جبکہ صحت اور تعلیم کے شعبوں کے بجٹ میں کٹوتی سے گریز کیا گیا ہے ۔وزیراعلیٰ آفس میں پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب، وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمٰن اور وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے بجٹ پرتفصیلی بات چیت کی۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں پیش کیا گیا بجٹ صوبے کے تمام علاقوں میں یکساں ترقی کے وژن کا عکاس ہے ،پنجاب حکومت نے گزشتہ دو بجٹوں میں عوام سے کئے گئے بیشتر وعدے پورے کئے ہیں اور آئندہ بھی ترقیاتی عمل کو بلا تعطل جاری رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم اور فیلڈ مارشل کی قیادت میں پاکستان کو معاشی اور سفارتی محاذوں پر اہم کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں جبکہ ملکی قیادت عالمی امن اور استحکام کے فروغ میں بھی اپنا کردار ادا کر رہی ہے ۔ تیل کی قیمتوں کے بحران کے دوران پنجاب نے سب سے زیادہ مالی بوجھ برداشت کیا لیکن اس کے باوجود 752 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ پیش کیا گیا، جو صوبے کی ترقی کے عزم کا مظہر ہے۔
غیر معمولی حالات کے باوجود پنجاب نے وفاق کو 546 ارب روپے کی گرانٹ فراہم کی، جو ملک میں سب سے بڑی مالی معاونت ہے ۔ وزیر خزانہ پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمٰن نے کہا کہ گزشتہ ڈھائی برسوں کے دوران ریکارڈ ترقیاتی منصوبے مکمل کئے گئے ہیں اور بجٹ میں کیے گئے بیشتر وعدوں کو عملی جامہ پہنایا گیا ہے ۔ صوبے کی آمدن بڑھانے کے لیے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی طرز پر ایک جدید ادارہ قائم کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے ۔صوبائی وزرا نے کم از کم اجرت میں اضافے کے حوالے سے کہا کہ اس معاملے کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور ممکن ہے کہ وفاقی حکومت کی طرز پر کم از کم اجرت میں اضافہ کیا جائے ، تاہم اس بارے میں حتمی فیصلہ وزیراعلیٰ مریم نواز کریں گی۔