تفتان بارڈر پر تجارتی ویزا سہولت کی بحالی پاک ایران نئے دورکاآغاز
دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون مزید مضبوط ہوگا،تاجروں کا خیر مقدم
اسلام آباد (خصوصی نیوز رپورٹر) ایک سال کے طویل وقفے کے بعد پاکستانی تاجروں کے لیے تفتان بارڈر پر تجارتی ویزا سہولت دوبارہ فعال کر دی گئی جسے پاک ایران تجارتی تعلقات کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے ۔بلوچستان ہوم ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق تفتان بارڈر پر تجارتی ویزوں کی بحالی کے بعد پاکستان اور ایران کے درمیان سرحدی تجارت کے نئے دور کا آغاز ہو گیا ہے ، جس سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی روابط مزید مستحکم ہونے اور کاروباری سرگرمیوں میں اضافے کی توقع ہے ۔اس سہولت کی بحالی سے تاجروں کو آمدورفت میں آسانی میسر آئے گی جبکہ سرحدی علاقوں میں روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے جس سے مقامی معیشت کو مثبت تقویت ملے گی۔تاجروں اور کاروباری حلقوں نے حکومت کے اس فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام تجارت کے فروغ، سرمایہ کاری میں اضافے اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ ان کے مطابق پاک ایران سرحدی تجارت خطے کی اقتصادی سرگرمیوں میں اہم حیثیت رکھتی ہے اور اس فیصلے سے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون مزید مضبوط ہوگا۔