راولپنڈی ڈویژن:گلاس ٹرین،گرین بسوں کیلئے 4 ارب مختص

 راولپنڈی ڈویژن:گلاس ٹرین،گرین بسوں کیلئے 4 ارب مختص

مری ٹورسٹ گلاس ٹرین کی لاگت 1کھرب 17ارب ،آئندہ سال 5کروڑ مختص بس ڈپوز، ڈویژنل آفس، شیلٹرز، فلیگ پوسٹس،دیگر سہولیات کیلئے 6 ارب منظور

راولپنڈی (زاہد اعوان سے )پنجاب کے نئے مالی سال 2026-27کے سالانہ ترقیاتی پروگرام(اے ڈی پی)میں راولپنڈی ڈویژن کے اضلاع راولپنڈی، مری، اٹک، چکوال، جہلم اور تلہ گنگ کے لیے ٹرانسپورٹ سیکٹر کے مری ٹورسٹ گلاس ٹرین اور گرین بسوں سمیت اہم منصوبوں کی مد میں مجموعی طور پر 4 ارب روپے مختص کرنے کی منظوری دیدی جبکہ ان منصوبوں کی مجموعی لاگت کا حجم 1 کھرب 56 ارب 89 کروڑ روپے سے زائد رکھا گیا ہے ۔ نئے مالی سال کے دوران راولپنڈی ڈویژن کے تمام اضلاع اور تحصیلوں میں پبلک ٹرانسپورٹ نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے ، متعلقہ انفراسٹرکچر کی تعمیر اور ماحول دوست گرین بسیں چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ اسی سلسلے میں مری کی سیاحت کو عالمی معیار کے مطابق فروغ دینے کے لیے اسلام آباد سے مری تک ‘‘ٹورسٹ گلاس ٹرین’’ کا میگا منصوبہ بھی شامل کیا گیا ہے جس کی مجموعی تخمینی لاگت 1 کھرب 17 ارب 84 کروڑ روپے سے زائد ہے۔

اس منصوبے کے لیے مالی سال 2026-27 میں ابتدائی طور پر تقریباً 5 کروڑ روپے ریونیو فنڈ مختص کیا گیا ہے جبکہ حکومت نے میڈیم ٹرم ڈویلپمنٹ فریم ورک کے تحت مالی سال 2027-28 میں 60 ارب روپے اور مالی سال 2028-29 میں مزید 57 ارب 79 کروڑ روپے فراہم کرنے کی منصوبہ بندی کی ہے ۔راولپنڈی ضلع میں پبلک ٹرانسپورٹ سہولیات کی بہتری کے لیے بس ڈپوز، ڈویژنل آفس، بس شیلٹرز، فلیگ پوسٹس اور دیگر متعلقہ سہولیات کی تعمیر کا تقریباً 6 ارب روپے لاگت کا منصوبہ بھی منظور کیا گیا ہے ۔ اس منصوبے کے لیے نئے مالی سال کے بجٹ میں 20 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں جبکہ تکمیل کے لیے اگلے دو سالوں میں بالترتیب 2 ارب 70 کروڑ روپے اور 3 ارب 8 کروڑ روپے فراہم کیے جائیں گے ۔اسی طرح پبلک ٹرانسپورٹ نیٹ ورک کو اٹک، چکوال، جہلم، مری اور تلہ گنگ سمیت تمام تحصیلوں تک توسیع دینے کے لیے دو بڑے منصوبے تیار کیے گئے ہیں۔

پہلا منصوبہ بس ڈپوز اور بس شیلٹرز کی تعمیر کا ہے جس کی مجموعی لاگت 14 ارب 89 کروڑ روپے مقرر کی گئی ہے ۔ اس منصوبے کے لیے نئے مالی سال میں 25 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں جبکہ اگلے دو سالوں میں 14 ارب 64 کروڑ روپے سے زائد فراہم کیے جائیں گے ۔دوسرا بڑا منصوبہ ماحول دوست گرین بسوں کی فراہمی اور آپریشن کا ہے جس کی مجموعی لاگت 16 ارب 66 کروڑ روپے سے زائد ہے ۔ حکومت نے اس کے لیے نئے مالی سال میں 2 ارب روپے مختص کیے ہیں جبکہ بقیہ 14 ارب 66 کروڑ روپے مالی سال 2027-28 میں فراہم کیے جائیں گے ۔مزید برآں صوبہ بھر بشمول راولپنڈی ڈویژن، ٹرانسپورٹ سیکٹر کے بقایاجات اور واجبات کی ادائیگی کے لیے نئے بجٹ میں 1 ارب 50 کروڑ روپے بھی مختص کیے گئے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں