حکمران نااہل ،آج ہرپاکستانی کو امن کی تلاش : فضل الرحمن
مغرب میں جمہوریت اور مشرق میں کمیونزم مقاصد حاصل کرنے میں ناکام شفا ف انتخابات کروائے جائیں ،مسائل کا حل اسلامی نظام میں مضمر:خطاب
پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک)جمعیت علما اسلام کے امیر مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ حکمران حکومت چلانے کی اہل نہیں ہیں،آج ہر پاکستانی کو امن کی تلاش ہے ،لسانیت اور قومیت کے نام پر نفرتیں پھیلائی گئی ہیں، ہم نے نفرت کے نظریات اور نعروں کو مسترد کر دیا۔ مغرب میں جمہوریت اور مشرق میں کمیونزم اپنے مقاصد حاصل کرنے میں ناکام رہے ہیں جبکہ موجودہ مسائل کا حقیقی حل اسلامی نظام میں مضمر ہے ۔چارسدہ میں شہید مولانا محمد ادریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ مولانا محمد ادریسؒ کی شہادت پوری امت مسلمہ کا نقصان ہے تاہم ان کا نصب العین اور جدوجہد آج بھی زندہ ہے ۔
آج کا عظیم الشان اجتماع ان عناصر کیلئے واضح پیغام ہے جو کارکنوں کے حوصلے پست ہونے کی توقع رکھتے تھے ،جمعیت علمائے اسلام دو سو سالہ دینی و سیاسی جدوجہد کی وارث جماعت ہے ۔ان کاکہناتھاکہ عالمی استعماری قوتیں دہشتگردی کر رہی ہیں،ہم اس سرزمین پر اسلام کا انقلاب برپاکرکے دکھائیں گے ۔ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں انسانی جان کی حرمت پامال ہو رہی ہے ، جبکہ بندوق کی سیاست کرنے والے عناصر بدامنی پھیلانے والی قوتوں کے آلہ کار ہیں۔ بعض قوتیں خطے میں بدامنی اور خونریزی چاہتی ہیں، جبکہ جمعیت علمائے اسلام امن، تعلیم اور استحکام کے فروغ کیلئے اپنا کردار ادا کر رہی ہے ۔انہوں نے کہا پاکستان میں حقیقی جمہوریت کا قیام ضروری ہے ،ہم الیکشن کمیشن سے شفاف اور منصفانہ انتخابات کروانے کا مطالبہ کرتے ہیں،عوامی مینڈیٹ کے مطابق نتائج بھی ملیں تو ہم اسمبلیوں میں مؤثر کردار ادا کر سکتے ہیں۔