سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 7 فیصد اضافہ ناکافی : گورنر پنجاب

سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 7 فیصد اضافہ ناکافی : گورنر پنجاب

پاکستان ایران پر پابندیوں کے خاتمہ کا فائدہ اٹھائے :سردار سلیم حیدر خان لاہور سے فنڈ اٹک پہنچتے راستے میں ہی ختم ہو جاتے ہیں:تقریب سے خطاب

لاہور (سپیشل رپورٹر)گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کا کہنا ہے کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 7 فیصد اضافہ ناکافی اوراونٹ کے منہ میں زیرہ کے برابر ہے ، گلگت بلتستان کے لوگوں نے مینڈیٹ پیپلز پارٹی کو دیا ، آزاد جموں وکشمیر میں بھی ڈائیلاگ ہونے چاہئیں،جس کو ووٹ ملیں ان کو حکومت بنانی چاہئے اورالیکشن میں دھاندلی بھی نہیں ہونی چا ہئے ، ا یران امریکا امن معاہدے پر صدر مملکت آصف علی زرداری ، وزیر اعظم شہباز شریف اورفیلڈ مارشل عاصم منیر کو مبارکباد پیش کرتا ہوں،پاکستان ایران پر پابندیوں کے خاتمہ کا فائدہ اٹھائے ،پاکستان ایران گیس پائپ لائن مکمل ہو جائے تو انرجی کاسارا مسئلہ حل ہو جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز شادمان لاہور میں سندس فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام خون کے عطیات کے عالمی دن پر منعقدہ تقریب سے خطاب میں کیا۔اس موقع پر چیئرمین سندس فائونڈیشن یاسین خان ، صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری،سینئر صحافی سہیل وڑائچ ، خالد عباس ڈار ،ڈی جی پیمرا عائشہ منظور وٹو نے بھی اظہار خیال کیا۔سردار سلیم حیدر خان نے مزید کہا کہ یہ تنقید نہیں ایک حقیقت ہے کہ لاہور سے فنڈ اٹک ،راجن پور ڈیرہ غازی خان، رحیم یار خان پہنچتے پہنچتے راستے میں ہی ختم ہو جاتے ہیں،پورے پنجاب کو یکساں ترقی کی ضرورت ہے ، میری پارٹی سوچتی ہے حکومت کی پالیسی ٹھیک نہیں۔دریں اثناء سردارسلیم حیدر سے گورنر ہاؤس لاہور میں اٹک کی تحصیل حضرو سے پیپلز پارٹی میں شمولیت کیلئے آئے نوجوانوں نے ملاقات کی ۔ اس موقع پر گورنرپنجاب نے کہا کہ گلگت بلتستان کے بعد اب کشمیر میں بھی پیپلز پارٹی واضح اکثریت سے جیتے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں