بلاول کی مدلل تقریر، اپوزیشن کی داد، مہنگائی، تنخواہ کا ذکر گول
ایک گھنٹہ دس منٹ تقریر میں قومی، عالمی اور بھارتی معاملات پر کھل کر بات کی ارکان کا ایران امریکا امن معاہدے کے بعد تیل قیمتوں میں فوری ، نمایاں کمی کا مطالبہ
اسلام آباد (سید قیصر شاہ) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے قومی اسمبلی میں بجٹ پر بحث کے دوران مدلل اور جامع تقریر کرکے اپنے اتحادیوں سمیت پی ٹی آئی کے اراکین سے بھی تحسین حاصل کر لی۔ اپنی تقریر میں بلاول بھٹو نے قومی اور عالمی معاملات پر تفصیلی اظہار خیال کرتے ہوئے اپنی ترجیحات واضح کیں اور جرات مندانہ انداز میں بھارت کی دھمکیوں کا جواب بھی دیا۔انہوں نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا بھرپور دفاع کیا تاہم بجٹ میں مہنگائی اور تنخواہوں میں اضافے کے حوالے سے کوئی خاص بات نہیں کی۔ ایک گھنٹہ دس منٹ پر مشتمل طویل تقریر کے دوران اپوزیشن کی جانب سے کوئی نعرہ بازی ہوئی اور نہ ہی شور شرابا ہوا، بلکہ دونوں جانب کے اراکین نے خاموشی سے ان کی تقریر سنی۔
پی ٹی آئی کے اراکین نے بھی تقریر پر انہیں داد دی۔ تقریر کے اختتام پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اپنی نشست سے اٹھ کر بلاول بھٹو کے پاس گئے اور جامع خطاب پر انہیں مبارکباد دی۔ اس موقع پر آصفہ بھٹو بھی احتراماً کھڑی ہو گئیں جس پر اسحاق ڈار نے شفقت سے ان کے سر پر ہاتھ رکھا۔ بحث کے دوران حکومتی اراکین بجٹ کے حق میں دلائل دیتے رہے جبکہ اپوزیشن اراکین نے اس پر تنقید کی۔ متعدد اراکین نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں سات فیصد اضافے کو ناکافی قرار دیتے ہوئے اسے کم از کم 15 فیصد کرنے کا مطالبہ کیا۔ علاوہ ازیں ایران اور امریکہ کے درمیان امن معاہدے کے بعد پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں فوری اور نمایاں کمی کا مطالبہ بھی کیا گیا۔