پاکستان ، امارات کا ای وی دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق
شافع حسین کی یو اے ای سفیر سے ملاقات، معاشی تعاون کیلئے فوکل پرسنز مقرر وزیر صنعت پنجاب سے ہارون اختر بھی ملے ، مقامی مینوفیکچرنگ پر تبادلہ خیال
راولپنڈی،اسلام آباد(نیوزرپورٹر،وقائع نگار) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چودھری شافع حسین نے اسلام آباد میں متحدہ عرب امارات کے سفیر سالم محمد سلیم بواب ذیبی سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ معاشی تعاون، پنجاب میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے مواقع اور باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت ہوئی۔ ملاقات کے دوران ٹیکسٹائل ،زراعت،لائیو سٹاک، انرجی،فوڈ سکیورٹی، ای وی سیکٹر اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا۔ دو طرفہ معاشی تعاون بڑھانے کیلئے دونوں جانب سے فوکل پرسنز مقرر کر دیئے گئے ۔
شافع حسین نے کہا کہ پنجاب کے سپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں امارات کے سفیر نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے سرمایہ کاروں کو پنجاب میں سرمایہ کاری کیلئے راغب کریں گے ۔ علاوہ ازیں وزیراعظم کے معاون خصوصی صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے پنجا ب کے وزیر صنعت، تجارت و سرمایہ کاری شافع حسین سے ملاقات کی جس میں صنعتی ترقی، برآمدات پر مبنی معاشی نمو، صنعتی کاری، الیکٹرک گاڑیوں کے فروغ اور پاکستان میں مقامی مینوفیکچرنگ کو مضبوط بنانے کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔