راولاکوٹ کے عوام کی پاکستان سے محبت کو خراج تحسین، امیر مقام
چند افراد کے طرز عمل کو بنیادبناکر اہل پونچھ پر تنقید ناانصافی ،میڈیا سے گفتگو سابق ایم ایل اے چودھری شہزاد کی وزیر امور کشمیر سے ملاقات،ن لیگ میں شمولیت کا اعلان
اسلام آباد(خصوصی نامہ نگار)وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر، گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام سے سابق ممبر قانون ساز اسمبلی آزاد جموں و کشمیر چودھری شہزاد نے ملاقات کی۔اس موقع پر انہوں نے اپنے خاندان اور ساتھیوں سمیت مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کیا ۔ امیر مقام نے چودھری شہزاد کو پارٹی مفلر، کیپ پہنا ئی اور مسلم لیگ (ن) میں شمولیت پر مبارکباد دی۔ دریں اثنا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انجینئر امیر مقام کہاہے کہ پونچھ ڈویژن اور راولاکوٹ کے عوام کی پاکستان سے محبت اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ،پونچھ ڈویژن کی پاکستان اور کشمیر کے لیے قربانیوں کی ایک روشن تاریخ ہے ، سپاہی مقبول نے زبان کٹوانے کے باوجود پاکستان زندہ باد کا نعرہ بلند رکھا ،پاکستان سے محبت کی خاطر پونچھ راولاکوٹ کے لوگوں نے اپنے کھالیں کھنچوائیں،چند افراد کے طرز عمل کو بنیاد بنا کر پورے پونچھ ڈویژن یا کسی خطے کو تنقید کا نشانہ بنانا ناانصافی ہے ۔ آزاد کشمیر کے پہلے صدر سردار ابراہیم خان نے سری نگر میں بھارتی افواج کی موجودگی کے باوجود قرارداد الحاقِ پاکستان پیش کر کے تاریخ ساز کردار ادا کیا ۔ امیر مقام نے کہاکہ عوامی ایکشن کمیٹی کے ساتھ طے شدہ عوامی ریلیف اقدامات برقرار ہیں ، 38 نکات پر مشتمل عوامی ریلیف پیکیج کے فوائد آئندہ بھی جاری رہیں گے ۔ مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹوں کا فیصلہ میرٹ اور انتخابی حکمت عملی کے تحت کیا گیا ہے ، ٹکٹ نہ ملنے والے رہنما بھی ہمارا اثاثہ ہیں۔