صوبائی وزرا کا مزار بی بی پاکدامن پر سکیورٹی انتظامات کا جائزہ

صوبائی وزرا کا مزار بی بی پاکدامن پر سکیورٹی انتظامات کا جائزہ

مریم اورنگزیب ودیگرکا سیف سٹیز اتھارٹی ،محکمہ داخلہ کے کنٹرول روم کا بھی دورہ 130 ڈرونز،5600 کیمروں سے جلوسوں، حساس مقامات کی نگرانی جا ری :بریفنگ

لاہور(این این آئی)وزیراعلیٰ مریم نواز کی خصوصی ہدایات پر محرم کے دوران سکیورٹی اور انتظامی اقدامات کا جائزہ لینے کیلئے سینئرصوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے صوبائی وزرا خواجہ سلمان رفیق ، بلال یاسین، چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان کے ہمراہ مزار بی بی پاکدامن ، پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے مرکزی کنٹرول روم اور محکمہ داخلہ کے کنٹرول روم کا دورہ کیا۔ وفدنے مزار بی بی پاکدامن پر سکیورٹی انتظامات، زائرین کو فراہم سہولیات اور داخلی و خارجی راستوں کا جائزہ لیا۔ زائرین سے ملاقات کی اور محرم کے انتظامات بارے دریافت کیا۔

زائرین نے مؤثر انتظامات اور سہولیات کو سراہا۔بعد ازاں وفد نے سیف سٹیز اتھارٹی کے مرکزی کنٹرول روم کا دورہ کیا جہاں آئی جی ، سیکرٹری داخلہ، سی سی پی او لاہور اور ایم ڈی سیف سٹی نے بریفنگ میں بتایا کہ سیف سٹیز اتھارٹی کے کنٹرول روم سے صوبہ بھر میں فول پروف سکیورٹی انتظامات کی نگرانی کی جا رہی ہے جبکہ لاہور سمیت پنجاب کے 43 سمارٹ سیف سٹی سینٹرز سے محرم کے جلوسوں اور مجالس کی مسلسل مانیٹرنگ جاری ہے ۔ 130 ڈرونز اور 5600 سے زائد کیمروں کے ذریعے جلوسوں، حساس مقامات اور فلیش پوائنٹس کی نگرانی کی جا رہی ہے ۔ 400 سے زائد پینک بٹن بھی فعال ہیں جبکہ سیف سٹی حکام صوبے بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز سے 24 گھنٹے رابطے میں ہیں۔مریم اورنگزیب نے کہا سیف سٹی جدید ٹیکنالوجی اور سمارٹ مانیٹرنگ سسٹمز کے ذریعے سکیورٹی انتظامات کو مزید مؤثر بنا رہا ہے ۔ عزاداروں کے جان و مال کے تحفظ اور پرامن ماحول کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں