سعد رفیق پہلے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کرائیں، شرجیل میمن
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ خواجہ سعد رفیق صاحب کو مشورہ ہے کہ پہلے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کرائیں، پنجاب کے عوام کو ان کا حق دیں پھر دوسرے صوبوں کے جمہوری نظام پر لیکچر دیں۔
خواجہ سعد رفیق کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی کے بلدیاتی نظام پر سوال اٹھانے سے پہلے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات نہ کرانے کی وجہ عوام کو بتائیں، تعجب ہے کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات سے گریزاں ن لیگ کراچی کے جمہوری عمل اور بلدیاتی نظام پر تنقید کرتی ہے ۔شرجیل انعام میمن نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات واقعی جمہوریت کی بنیاد ہیں تو پھر پنجاب کے عوام کو بھی ان کا آئینی حق دیا جانا چاہیے ، کراچی میں بلدیاتی انتخابات آئین اور قانون کے مطابق ہوئے ، عوام نے اپنے نمائندے منتخب کیے اور جمہوری عمل مکمل ہوا۔ان کا کہنا تھا کہ خواجہ سعد رفیق کو عوام کے فیصلے پر اعتراض کرنے کے بجائے جمہوری روایات کا احترام کرنا چاہیے ، پیپلز پارٹی جمہوری اداروں، بااختیار بلدیاتی نظام اور عوامی مینڈیٹ پر یقین رکھتی ہے ، دہرے معیار کی سیاست عوام کے سامنے زیادہ دیر نہیں چل سکتی۔