پٹرول، ڈیزل کی قیمتیں برقرار، لیوی میں اضافہ، جیٹ فیول 7.15 روپے لٹر سستا

پٹرول، ڈیزل کی قیمتیں برقرار، لیوی میں اضافہ، جیٹ فیول 7.15 روپے لٹر سستا

ڈیزل پر لیوی 6 روپے 57 پیسے فی لٹربڑھا دی گئی، پٹرول پر 39 پیسے لٹر کااضافہ ،مٹی کے تیل پر برقرار رکھی گئی

اسلام آباد (دنیا نیوز)پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں برقرار ، لیوی میں اضافہ، دوسری طرف جیٹ فیول7 روپے 15 پیسے فی لٹر سستا کردیا گیا۔ وزارت خزانہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول کی قیمت کو 299 روپے 50 پیسے فی لٹر اور ڈیزل کی قیمت کو 311 روپے 47 پیسے پر برقرار رکھا گیا ہے ۔ حکومت نے ڈیزل اور پٹرول پر لیوی میں اضافہ کردیا۔ ذرائع پٹرولیم ڈویژن کے مطابق ڈیزل پر لیوی 6 روپے 57 پیسے فی لٹر بڑھا دی گئی جس کے بعد ڈیزل پر لیوی بڑھ کر 79 روپے 54 پیسے فی لٹر ہوگئی ہے۔

پٹرول پر لیوی میں 39 پیسے فی لٹر اضافہ کیا گیا ہے جس سے پٹرول پر لیوی بڑھ کر 66 روپے 64 پیسے فی لٹر ہوگئی۔ اس کے علاوہ مٹی کے تیل پر لیوی 20 روپے 36 پیسے فی لٹر برقرار رکھی گئی ہے ۔ دوسر ی طرف حکومت نے جیٹ فیول کی قیمت میں 7 روپے 15 پیسے فی لیٹر کمی کر دی ہے ، جس کے بعد نئی قیمت 231 روپے 72 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے ۔ جیٹ فیول کی قیمت میں کمی سے ملکی ایئرلائنز کو طیاروں کے ایندھن کے اخراجات میں ریلیف ملنے کی توقع ہے ، جس سے آپریشنل لاگت میں بھی کمی آسکتی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں