کوئٹہ ،پولیس کی گاڑی کے قریب دھماکا ، 4 اہلکارزخمی

 کوئٹہ ،پولیس کی گاڑی کے قریب دھماکا ، 4 اہلکارزخمی

میاں غنڈی لنک روڈ پر نامعلوم افراد نے سڑک کے کنارے بم نصب کر رکھا تھا پشین میں موٹر سائیکل پر بارودی مواد لے جاتے ہوئے اچانک پھٹنے سے 3افراد زخمی

کوئٹہ(سٹاف رپورٹر )کوئٹہ کے نواحی علاقے میں پولیس کی گاڑی کے قریب دھماکے سے 4اہلکارزخمی ہوگئے پولیس کے مطابق کوئٹہ کے نواحی علاقے میاں غنڈی لنک روڈ پر نامعلوم افراد نے سڑک کے کنارے نصب بم سے پولیس کی گشت پر مامور گاڑی کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار4اہلکارزخمی ہوگئے جبکہ گاڑی کو معمولی نقصان پہنچایا پولیس نے زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کردیا اور مقدمہ درج کرکے مزید کارروائی شروع کردی۔

ادھرضلع پشین کے علاقے خانوزئی کے قریب قومی شاہراہ پر چلتی موٹر سائیکل میں بارودی مواد پھٹنے کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہوگئے ، جن میں سے دو کے پاؤں کٹ گئے ،ایک زخمی کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے ۔ایس ایچ او خانوزئی نصیب اللہ کے مطابق زخمی افراد کرومائیٹ کی کانوں میں استعمال ہونے والا بارودی مواد موٹر سائیکل پر لے جا رہے تھے کہ دورانِ سفر اچانک دھماکا ہوگیا ،پولیس کے مطابق واقعے میں زخمی ہونے والوں میں ظہور ولد عبدالفیض، فیصل ولد طالب اور محمد افضل ولد طالب شامل ہیں۔ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد مزید علاج کے لیے کوئٹہ منتقل کر دیا گیا ۔ پولیس کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں