پاک ایران تجارت:تفتان بارڈر ریلوے سٹیشن لینڈ کسٹمز قرار
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان اور ایران کے درمیان دوطرفہ تجارت بڑھانے کی جانب اہم پیشرفت ہوئی ہے ، ایف بی آر نے تفتان بارڈر ریلوے سٹیشن کو درآمد و برآمد کیلئے لینڈ کسٹمز سٹیشن قرار دے دیا۔
اس اقدام سے ریل کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی سامان کی نقل و حمل آسان ہوگئی ہے اور اس طرح اخراجات کم اور قانونی تجارت میں اضافہ متوقع ہے ۔ایرانی نیوز ایجنسی ’’ارنا‘‘ کے مطابق تفتان سٹیشن پر لوڈنگ، اَن لوڈنگ، کسٹمز کلیئرنس اور درآمد و برآمد کی تمام سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔دونوں ممالک دوطرفہ تجارت کو 5 ارب ڈالرز تک بڑھانے کے لیے پرعزم ہیں۔ماہرین کے مطابق اس فیصلے سے سمگلنگ کی حوصلہ شکنی ہوگی اور قانونی تجارت کو فروغ ملے گا۔