پاکستان میں دہشتگردی ،بھارت،افغانستان سرپرست : ماہرین
فتنہ الخوارج کو افغان سرزمین، بھارتی مالی معاونت، اسرائیل کی مدد حاصل :راجیش پاور طالبان سرپرستی میں ٹی ٹی پی پاکستان میں دہشتگرد کارروائیاں کر رہی :برطانوی نمائندہ
اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر)عالمی سطح پر طالبان حکومت کی جانب سے فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کی پشت پناہی کی بارہا تصدیق کی جا چکی ہے ۔بھارت کا کرنل (ر) راجیش پاور بھی بھارت کی جانب سے پاکستان کیخلاف افغانستان میں دہشتگرد تنظیموں کی پشت پناہی کا اعتراف کر چکا ہے ۔بھارتی فوج کے ریٹائرڈ کرنل راجیش پاور کے مطابق فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کو پاکستان میں دہشتگردی کیلئے افغان سرزمین، بھارتی مالی معاونت اور اسرائیلی انٹیلی جنس کی مدد حاصل ہے ۔
افغانستان کیلئے برطانیہ کے خصوصی نمائندے نے بھی پاکستان میں دہشتگردی کے پیچھے افغان طالبان کا گھناؤنا چہرہ بے نقاب کر دیا ۔افغانستان کیلئے برطانیہ کے خصوصی نمائندے رچرڈ لنڈسے کا افغان ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہنا تھا کہ طالبان رجیم کی سرپرستی میں فتنہ الخوارج (ٹی ٹی پی)پاکستان میں دہشتگرد کارروائیاں کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں دہشتگردوں کو تربیت، ہتھیاروں کی فراہمی اور مالی معاونت فراہم کی جا رہی ہے ۔دفاعی ماہرین کے مطابق بھارت اور افغانستان طویل عرصے سے پراکسیز کے ذریعے پاکستان میں دہشت گردی کی سرپرستی کر رہے ہیں ،بھارتی فوجی افسر کے بعد برطانوی نمائندہ کا افغانستان میں سرگرم دہشتگرد نیٹ ورکس کا اعتراف پاکستان کے موقف کی تائید ہے ۔