ناصر حسین شاہ کی طبیعت ناساز، ابوظہبی منتقل
اسلام آباد (دنیا نیوز)سندھ کے وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ کی طبیعت ناساز ہونے کے بعد انہیں علاج کے لیے متحدہ عرب امارات منتقل کیا گیا، جہاں وہ ابوظہبی کے ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔
ذرائع کے مطابق سید ناصر حسین شاہ کی طبیعت اسلام آباد میں خراب ہوئی، ڈاکٹرز نے فوری باہر منتقل کرنے کا مشورہ دیا،جس کے بعد انہیں ابوظہبی منتقل کیا گیا، انہیں جگر کے علاج کے لیے مخصوص انجیکشن لگایا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ خطرے سے باہر ہیں اور چند روز آرام کے بعد وطن واپس آئیں گے ۔دوسری جانب ناصر حسین شاہ کے صاحبزادے کمیل حیدر شاہ نے بتایا کہ ان کے والد بالکل خیریت سے ہیں، ان کے مطابق دبئی میں ناصر حسین شاہ کا معمولی آپریشن ہوا تھا اور اب ان کی طبیعت مکمل طور پر بہتر ہے ۔