پاکستان ، پرتگال میں مشاورت کا چوتھا دور، تعاون بڑھانے پر اتفاق
فریقین کا دوطرفہ تعلقا ت کا جا ئزہ ،سرمایہ کاری ،عوامی روابط کے فروغ پر گفتگو پرتگالی وفدکی سیکر ٹری خارجہ سے بھی ملاقات ،آ ئندہ مشاورت لزبن میں کرنے پر اتفاق
اسلام آباد(وقائع نگار) پاکستان اور پرتگال کے درمیان دوطرفہ سیاسی مشاورت کا چوتھا دور گزشتہ روز اسلام آباد میں منعقد ہوا جس میں دونوں ممالک نے سیاسی، اقتصادی، تجارتی اور علاقائی تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا ۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستانی وفد کی قیادت وزارتِ خارجہ کی ایڈیشنل سیکرٹری (یورپ) سفیر عائشہ علی نے کی جبکہ پرتگال کے وفد کی سربراہی پرتگالی وزارتِ خارجہ کی ڈائریکٹر جنرل برائے خارجہ پالیسی سفیر ہیلینا مالکاٹا نے کی۔
دونوں ممالک نے دوطرفہ تعلقات کا جامع جائزہ لیا اور سیاسی روابط کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ تجارت و سرمایہ کاری، افرادی قوت کی نقل و حرکت، زراعت، قابلِ تجدید توانائی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، تعلیم، سیاحت، ثقافت اور عوامی روابط کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا ۔دونوں ممالک نے کثیرالجہتی فورمز پر باہمی ہم آہنگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔دورے کے دوران پرتگالی وفد نے پاکستان کے سیکرٹری خارجہ سے بھی ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے علاقائی و عالمی امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا ۔ اس موقع پر یہ اتفاق بھی کیا گیا کہ دوطرفہ سیاسی مشاورت کا آئندہ دور طے شدہ تاریخوں پر پرتگال کے دارالحکومت لزبن میں منعقد کیا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments