کشمیری مہاجرین کی شناخت ختم نہیں ہونے دینگے : سعد رفیق
27جولائی کا کشمیر الیکشن الحاقِ پاکستان کے نظریے کا انتخاب ہے :جھنگ میں خطاب شہباز شریف نے اپنی سیاست نہیں ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا:عمران نذیر
جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )مسلم لیگ (ن)کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ 27جولائی کو ہونے والا آزاد کشمیر کا انتخاب کسی ایک سیاسی جماعت کی کامیابی کا نہیں بلکہ نظریہ الحاقِ پاکستان کی حمایت کا الیکشن ہے ، اور ساڑھے چار لاکھ کشمیری مہاجرین کی شناخت کسی صورت ختم نہیں ہونے دی جائے گی۔وہ آزاد کشمیر کے حلقہ ایل اے 34 جموں ون میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار ناصر حسین ڈار کی انتخابی مہم کے سلسلے میں سابق مشیر وزیراعلیٰ پنجاب نواب فیصل حیات جبوآنہ کے ڈیرے پر منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے ۔ اس موقع پر صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر، سینیٹر انوشے رحمن، رکن پنجاب اسمبلی بیگم عابدہ بشیر، سابق ایم پی اے راشدہ یعقوب شیخ، ضلعی صدر مسلم لیگ (ن) چودھری شریف انصاری اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ بھارت نے پاکستان سے شکست کے بعد کشمیر کاز کو نقصان پہنچانے کی سازشیں شروع کیں، تاہم آزاد کشمیر مقبوضہ کشمیر کی آزادی کی جدوجہد کا بیس کیمپ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ نظریہ الحاقِ پاکستان کو زندہ رکھے ، جبکہ کشمیری عوام نے اپنی جانوں اور املاک کی قربانیاں دے کر اس مقصد کو زندہ رکھا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیری غدار نہیں بلکہ پاکستانیوں سے بھی بڑھ کر پاکستان سے محبت کرنے والے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ کشمیر میں حکومتیں گرانے سے کشمیر کاز کو نقصان پہنچا اور 27 جولائی کا دن نظریہ الحاقِ پاکستان کی کامیابی کی نوید لے کر طلوع ہوگا۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ 2022 میں وزیراعظم شہباز شریف نے اپنی سیاست نہیں بلکہ ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس وقت قومی زرمبادلہ کے ذخائر 3 ارب ڈالر تھے جو اب 24 ارب ڈالر تک پہنچ چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت ملک کو معاشی مشکلات سے نکالنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments