چین کو جدید سلاٹر ہائوس ،گوشت پروسیسنگ پلانٹس قائم کرنیکی دعوت
گوشت کی برآمدات بڑھانے کیلئے سرمایہ کاری کا خیرمقدم کر ینگے :وزیرغذائی تحفظ چینی وفد کیساتھ اعلیٰ سطح اجلاس ، لائیو سٹاک شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق
اسلام آباد(نامہ نگار)وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے کہاہے کہ گوشت کی برآمدات بڑھانے کیلئے چینی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کر ینگے ۔ چینی سرمایہ کار ، کمپنیاں پاکستان میں سلاٹر ہاؤسز، گوشت پروسیسنگ پلانٹس قائم کریں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو چینی وفد کے ساتھ ایک اعلیٰ سطح اجلاس میں کیا۔ اجلاس میں لائیو سٹاک کے شعبے میں پاک چین دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا ۔
وفاقی وزیر نے چینی سرمایہ کاروں اور کمپنیوں کو دعوت دی کہ وہ پاکستان میں جدید ترین ٹیکنالوجی سے آراستہ سلاٹر ہاؤسز اور جدید گوشت پروسیسنگ پلانٹس قائم کریں تاکہ اعلیٰ معیار کا حلال گوشت تیار کرکے چین سمیت عالمی منڈیوں کو برآمد کیا جا سکے ۔انہوں نے کہا کہ حکومتِ پاکستان زراعت اور لائیو سٹاک کے شعبوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے سازگار کاروباری ماحول اور ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے ۔
چینی وفد نے گوشت کی پروسیسنگ، ٹیکنالوجی کی منتقلی، معیار کی یقین دہانی اور برآمدات پر مبنی انفراسٹرکچر کے قیام میں تعاون میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ گوشت کی برآمدات میں اضافے کے لیے تکنیکی تعاون، کاروباری روابط کے فروغ اور ریگولیٹری و سینیٹری تقاضوں کو پورا کرنے کے لیے باہمی اشتراک کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments