پاکستان مصنوعی ذہانت کی عالمی تنظیم کا بانی رکن بن گیا

پاکستان مصنوعی ذہانت کی عالمی تنظیم کا بانی رکن بن گیا

ڈار نے معاہد ے پر دستخط کئے ، وزیر خارجہ کی چینی ہم منصب سے ملاقات

 اسلام آباد (وقائع نگار ،دنیا نیوز)پاکستان مصنوعی ذہانت کے عالمی تعاون میں شامل ہوگیا۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے چین میں ورلڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس کو آپریشن آرگنائزیشن کے قیام کے معاہدے پر بطور بانی رکن دستخط کر دئیے ، اس موقع پر اسحاق ڈار نے مصنوعی ذہانت کے شعبے میں، بالخصوص گلوبل ساؤتھ کے تناظر میں، بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مصنوعی ذہانت تک مساوی رسائی اور عالمی اے آئی تقسیم کم کرنے کے لئے رکن ممالک کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔

وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ بھی نائب وزیراعظم کے ہمراہ چین گئی ہیں وہ اہم تکنیکی مذاکرات کا حصہ بنیں گی اور مختلف ممالک کے وزرا اور ٹیکنالوجی سے وابستہ اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں بھی کریں گی۔چین کے شہر شنگھائی میں جمعرات کو ورلڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس کوآپریشن آرگنائزیشن (وائیکو) کے قیام کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاکستان سمیت 29 ممالک نے اس تنظیم کے قیام کے معاہدے پر دستخط کئے ۔ تقریب میں اقوام متحدہ کے سیکر ٹر ی جنرل انتونیو گوتریس سمیت مختلف ممالک اور بین الاقوامی تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

تقریب میں پاکستان، روس، انڈونیشیا، قازقستان، لاؤس سمیت مختلف ایشیائی اور افریقی ممالک کے نمائندوں نے بانی اراکین کی حیثیت سے معاہدے پر دستخط کئے ، دریں اثنا نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے شنگھائی میں ورلڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس کانفرنس کے موقع پر چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی سے ملاقات کی۔ترجمان دفترخارجہ کے مطابق اسحاق ڈار اور چینی ہم منصب کے درمیان ملاقات میں ملاقات میں آل ویدر سٹر ٹیجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کے مزید فروغ کے مشترکہ عزم کااعادہ کیا گیا۔ترجمان کے مطابق ملاقات میں سی پیک ٹو، تجارت، سرمایہ کاری، ڈیجیٹل معیشت اور مصنوعی ذہانت میں تعاون بڑھانے پر زور دیا گیا ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...