یورپی یونین جی ایس پی پلس سکیم، پاکستان سب سے زیادہ مستفید ہونے والا ملک قرار

یورپی یونین جی ایس پی پلس سکیم، پاکستان سب سے زیادہ مستفید ہونے والا ملک قرار

استفادے کی شرح 95.1فیصد ،2024میں 7.5ارب یورو کی برآمدات ، 732ملین یورو ٹیرف کی بچت پاکستان کیلئے 400ملین یورو کے ترقیاتی اصلاحاتی تعاون کا عزم ، 27بین الاقوامی کنونشنز کی توثیق برقرار ، رپورٹ

اسلام آباد (دنیا رپورٹ ) یورپی کمیشن کی تازہ جی ایس پی پلس رپورٹ میں پاکستان کو بدستور اس سکیم سے سب سے زیادہ فائدہ اٹھانے والا ملک قرار دے دیا گیا ، جبکہ یورپی یونین نے پاکستان کے لئے 400 ملین یورو کے ترقیاتی اور اصلاحاتی تعاون کے عزم کا بھی اعادہ کیا ۔رپورٹ کے مطابق 2024 کے دوران پاکستان کی 7.5 ارب یورو مالیت کی برآمدات جی ایس پی پلس کی تجارتی رعایتوں سے مستفید رہیں، جس کے نتیجے میں پاکستان کو تقریباً 732 ملین یورو کی ٹیرف بچت ہوئی ، پاکستان نے جی ایس پی پلس سے استفادے کی شرح 95.1 فیصد تک پہنچا دی، جبکہ 2024 میں یورپی یونین نے پاکستان کی مجموعی برآمدات کا 28 فیصد درآمد کیا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی ملبوسات، ٹیکسٹائل، چمڑے ، تیار خوراک اور دیگر برآمدی مصنوعات نے جی ایس پی پلس رعایتوں سے نمایاں فائدہ اٹھایا، پاکستان نے جی ایس پی پلس سے متعلق تمام 27 بین الاقوامی کنونشنز کی توثیق برقرار رکھی اور یورپی یونین کے مانیٹرنگ عمل کے ساتھ مسلسل اور باقاعدہ تعاون جاری رکھا۔یورپی کمیشن نے قومی کمیشن برائے انسانی حقوق کو عالمی اے سٹیٹس ملنے کو اہم ادارہ جاتی پیش رفت قرار دیا، جبکہ قومی کمیشن برائے اقلیت کے قیام سے متعلق قانون سازی کو اقلیتوں کے تحفظ کی جانب مثبت قدم قرار دیا۔رپورٹ میں انسدادِ تشدد قانون کے عملی قواعد، تربیتی اقدامات، جیل اصلاحات، خواتین کے تحفظ، گھریلو تشدد کی روک تھام، کم عمری کی شادیوں کے خلاف قانون سازی، محنت کشوں کے حقوق، جبری مشقت اور بچوں سے مشقت کے خاتمے کے لئے کئے گئے اقدامات کو بھی سراہا گیا۔یورپی کمیشن نے پاکستان کی موسمیاتی پالیسی، کاربن مارکیٹ کے رہنما اصولوں، حیاتیاتی تنوع کے تحفظ، انسدادِ منشیات کے نئے قوانین اور ڈیجیٹل کیس مینجمنٹ نظام کو بھی مثبت پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین پاکستان کے ساتھ ترقیاتی اور اصلاحاتی تعاون جاری رکھنے کے لئے 400 ملین یورو کے عزم پر قائم ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...