ٹرمپ کے دستخط کی کوئی حیثیت نہیں : مجتبیٰ خامنہ ای، حملوں میں امریکی فون کا جانی نقصان : اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر عملدرآمد معطل : ایران

ٹرمپ کے دستخط کی کوئی حیثیت نہیں : مجتبیٰ خامنہ ای، حملوں میں امریکی فون کا جانی نقصان : اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر عملدرآمد معطل : ایران

ہرمزگان، خوزستان میں پل، سڑک،بجلی اور واٹر پلانٹ نشانہ،شہادتیں 50 ہوگئیں،کویت ،بحرین میں فوجی اہداف،تیل تنصیب پر جوابی حملے ، کئی زخمی ،سعودی سلطان ایئر بیس کو بھی نشانہ بنایا :ایرانی میڈیا اردن میں 2امریکی فوجی ہلاک، ایک لاپتا،4زخمی،واشنگٹن نے حملے جاری رکھے تو ناقابلِ فراموش سبق سکھائیں گے :ایرانی سپریم لیڈر،امریکی اتحادی آئندہ بھی ایسے حملوں کیلئے تیار رہیں:پاسداران انقلاب

تہران،واشنگٹن(نیوز ایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی افواج کی مسلسل ساتویں رات ایران کے فوجی اہداف پر فضائی کارروائیوں کے جواب میں ایران نے گزشتہ روز سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک پر بڑے پیمانے پر میزائل اور ڈرون حملے کیے اور اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر عملدرآمد معطل کردیا ،ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے امریکا کو بڑا شیطان قراردیتے ہوئے کہا معاہدے کی خلاف ورزیوں نے ثابت کیا ٹرمپ کے دستخط کی کوئی حیثیت نہیں۔امریکی فوج نے تصدیق کی کہ اردن کے فوجی اڈے پر حملے میں 2امریکی فوجی ہلاک اور ایک لاپتا ہوگیا ہے ۔ امریکی فوج کی سینٹرل کمانڈ نے بتایا کہ اس نے مسلسل ساتویں روز ایران میں نگرانی کے مراکز، فوجی رسد کے ڈھانچے ، زیرِ زمین اسلحہ گوداموں اور بحری عسکری صلاحیتوں کو نشانہ بنایا۔ایرانی میڈیا کے مطابق ہفتہ کی صبح آبنائے ہرمز سے متصل صوبہ ہرمزگان میں بھی امریکی حملے کیے گئے ، جن میں تین افراد شہید اور آٹھ زخمی ہوئے ، جبکہ دو پل اور ایک سڑک کی سرنگ کو نقصان پہنچا۔

ایرانی وزارتِ صحت کے ترجمان حسین کرمان پور نے بتایا کہ چھ جولائی کے بعد امریکی حملوں میں اب تک 50 افراد شہید اور 500 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں، شہدا میں پانچ خواتین اور 18 سال سے کم عمر کے دو بچے اور نوجوان بھی شامل ہیں جبکہ 32خواتین اور 18 نوجوان زخمی بھی ہوئے ہیں اور 37 افراد اب بھی ہسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔ایرانی صوبے خوزستان کے گورنر کے دفتر کے نائب برائے سکیورٹی امور ولی اللہ حیاتی کا کہنا ہے کہ امریکا نے گزشتہ 10 دنوں کے دوران صوبہ خوزستان کے 12 شہروں پر 95 حملے کیے ہیں۔ایران کا یہ بھی کہنا ہے کہ جنوبی شہر جاسک میں بجلی کی تنصیبات اور سمندری پانی کو میٹھا بنانے والے پمپوں پر کئی میزائل گرے ۔امریکی حملوں کی وجہ سے جاسک کے علاقے کے 20 دیہات کو پانی کی فراہمی منقطع ہو گئی ہے۔

دوسری جانب ایرانی میڈیا نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ سعودی عرب کے شہر الخرج میں پرنس سلطان ائیر بیس کو میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا جو کہ امریکی فضائیہ کے ری فیولنگ ٹینکر طیاروں کی میزبانی کررہا تھا، جنہوں نے ایران پر امریکی حملوں میں معاونت فراہم کی، تاہم سعودی سول ڈیفنس کا کہنا ہے کہ ینبع اور الخرج کو لاحق خطرات ٹل گئے ہیں،اس سے قبل گزشتہ رات سعودی عرب کے دونوں شہروں کے لیے ممکنہ خطرے کے پیش نظر وارننگ جاری کی گئی تھی۔ایرانی میڈیا کے مطابق پاسداران انقلاب نے بحرین میں شیخ عیسیٰ ایئر بیس پر موجود امریکی جنگی طیاروں کے اجتماع اور ایک انٹیلی جنس ڈیٹا سینٹر کو بھی نشانہ بنایا جبکہ بحرین کی وزارتِ داخلہ کے مطابق شہریوں اور رہائشیوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ قریبی محفوظ مقام کی طرف جائیں۔کویت سب سے زیادہ حملوں کی زد میں رہا، بار بار میزائل اور ڈرون حملوں کے خطرات کے باعث کویت انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فضائی آپریشن عارضی طور پر معطل کر دیا گیا۔

کویت نے ایران پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ اس کی اہم تنصیبات کو نشانہ بنا رہا ہے ،کویت کی آئل کمپنی سے منسلک ایک مقام مسلسل ایرانی حملوں کی زد میں ہے ،حملے کی وجہ سے تنصیب کو بہت نقصان پہنچا ہے جبکہ کچھ افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ایرانی پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا کہ اس نے کیمپ عریفجان میں امریکی فوج کے لاجسٹک اور معاونتی مرکز کو نشانہ بنایا اور علی السالم ایئر بیس پر نصب ریڈار تنصیب کو تباہ کر دیا۔کویتی مسلح افواج کے مطابق ہفتہ کی صبح ایرانی بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز کی ایک بڑی تعداد کو فضا ہی میں تباہ کر دیا گیا، تاہم حملوں کے بعد امدادی کارروائیوں میں مصروف کئی فائر فائٹرز اور تیل کے شعبے کے کارکن زخمی ہوئے ۔کویت کی وزارتِ بجلی، پانی اور قابلِ تجدید توانائی نے بتایا کہ ایرانی حملے میں ایک بجلی پیدا کرنے اور سمندری پانی کو میٹھا بنانے والا پلانٹ بھی متاثر ہوا،بجلی پیدا کرنے والے کئی یونٹس بند ہو گئے ،دو روز کے دوران کویت کی پانی صاف کرنے والی تنصیبات پر یہ دوسرا حملہ تھا۔

ایرانی پاسداران انقلاب کے مطابق اردن کے الازرق میں قائم امریکی فوجی اڈے پر ہفتہ کی صبح ہونے والے میزائل اور ڈرون حملے میں کم از کم دو امریکی جنگی طیارے اور تین دیگر طیارے تباہ کر دئیے گئے جبکہ امریکی فوج کا کہنا ہے کہ اردن میں واقع ایک فوجی اڈے پر جمعہ کو کئے گئے ایرانی میزائل اور ڈرون حملوں کے نتیجے میں دو امریکی فوجی ہلاک جبکہ ایک لاپتا ہو گیا ہے جبکہ مزید چار امریکی اہلکار زخمی بھی ہوئے ہیں جنہیں طبی امداد کے بعد ہسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا ہے ۔ایران کے نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے کہا ہے کہ ایران نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت اپنے وعدوں پر عمل درآمد معطل کر دیا ہے ، ہم ان پر عمل نہیں کر رہے اور ملک کے دفاع پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں۔ ایران پاسداران انقلاب نے اپنے بیان میں کہا جب تک امریکی فوج کی جارحیت روکنے کے لیے کوئی مؤثر بین الاقوامی ادارہ موجود نہیں، ہمارے پاس قرآن کے اس حکم پر عمل کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں کہ جو تم پر حملہ کرے ، تم بھی اسی انداز میں اس پر حملہ کرو۔

پاسدارانِ انقلاب نے خطے میں موجود امریکی اتحادیوں کو خبردار کیا کہ وہ آئندہ بھی ایسے حملوں کیلئے تیار رہیں۔ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے امریکا پر مفاہمتی یادداشت کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان مسلسل خلاف ورزیوں سے ثابت ہو گیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دستخط کی کوئی ساکھ نہیں ہے ، اگر واشنگٹن نے ایران پر حملے جاری رکھے تو اسے ناقابلِ فراموش سبق سکھایا جائے گا۔مجتبیٰ خامنہ ای نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر جاری بیان میں کہا جبر، آمریت اور سفاکیت امریکی نظرئیے اور پالیسی کا لازمی حصہ ہیں۔

ایران اور امریکا کے صدور کے درمیان دستخط ہونے والے معاہدے کی مسلسل خلاف ورزیوں نے ایک مرتبہ پھر یہ حقیقت واضح کر دی ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دستخط ناقابلِ اعتبار ہیں اور ان کی کوئی ساکھ نہیں۔ حالیہ واقعات امریکا کی مجرمانہ کارروائیوں، بے ایمانی، ناقابلِ اعتبار ہونے اور بدنیتی کا ایک اور ناقابلِ تردید ثبوت ہیں، جس سے اس بڑے شیطان کا حقیقی چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہوگیا ہے ۔ایرانی سپریم لیڈر نے کہا کہ اس تنازع کو بڑھا کر امریکا اپنے لیے مزید نقصان اور رسوائی مول لے گا۔ اسے معلوم ہونا چاہیے کہ ایرانی قوم اور مزاحمتی قوتیں اسے ناقابلِ فراموش سبق سکھانے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں جنوبی ایران کے عوام کا عزم اور بہادری اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ ایران اپنے مخالفین کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...