41 اضلاع میں واسا کو جدید مشینری فراہم، ہر شہری کیلئے سہولت ہمارا عزم : مریم نواز

41 اضلاع میں واسا کو جدید مشینری فراہم، ہر شہری کیلئے سہولت ہمارا عزم : مریم نواز

سیوریج مشینوں کی علامتی چابیاں واسا حکام کے سپرد،ترقی کے سفر میں صرف لاہور نہیں بلکہ پورا پنجاب شامل :وزیراعلیٰ نیلسن منڈیلا کی زندگی صبر اورجدوجہد کا استعارہ ہے :پیغام،وانا میں دہشتگردی ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسزکو خراج تحسین

لاہور(سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہاکہ پنجاب کے ہر شہر کے ہر شہری کیلئے آسانی اور سہولت ہمارا عزم ہے ، پنجاب میں واسا نیٹ ورک کو دو سے 41 اضلاع تک وسیع کر دیا ہے اورجدید مشینری فراہم کی جارہی ہے ، عوام کی آسانی کیلئے موثر سیوریج اور جدید نکاسی آب کے سسٹم کو اپ گریڈ کررہے ہیں۔مریم نواز نے گزشتہ روز ایک تقریب کے دوران سیوریج مشینوں کی علامتی چابیاں متعلقہ واسا حکام کے سپرد کیں اور کہا کہ ترقی کے سفر میں صرف لاہور نہیں بلکہ پورا پنجاب شامل ہے ،پنجاب کے 15اضلاع میں نکاسی آب کیلئے بہترین اور جدید ترین272 مشینوں کی فراہمی مکمل ہوچکی ہے جبکہ 41 اضلاع میں واسا کو 696 مشینیں اور آلات کی فراہمی کا عمل جاری ہے ۔وزیراعلیٰ نے سکیورٹی ہٹاکر واسا ورکرز کو پاس بلا لیا اوران کی خواہش پر گروپ فوٹو بھی بنوایا۔

انہوں نے واسا ورکرز کو دل لگا کر کام کرنے کی تلقین کی اور واسا ورکرز کیلئے نئی بہترین مشینری کی فراہمی کو خوش آئند قرار دیا ۔بعدازاں مریم نواز نے نیلسن منڈیلا کے عالمی دن پراپنے پیغام میں کہاہے کہ نیلسن منڈیلا کی پوری زندگی صبر، استقامت اور جدوجہد کا ایک روشن استعارہ ہے ،نیلسن منڈیلا نے قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں لیکن اصولوں پر سمجھوتا نہیں کیا،ان کا فلسفہ عدم تشدد، برابری اور انسانی حقوق کی پاسداری ہے ،نسل پرستی اور ناانصافی کے خاتمے کے لیے نیلسن منڈیلا کی خدمات تاریخ عالم کا حصہ بن چکی ہیں۔ان کاکہناتھاکہ مسلم لیگ ن کی حکومت مساوات، انصاف اور رواداری پر مبنی معاشرے کے قیام کیلئے کوشاں ہے ،دنیا کو بدلنے کیلئے تعلیم سب سے بہترین ٹول ہے ،ہر انسان دنیا کو بہتر بنانے کی صلاحیت سے مالا مال ہے ۔وزیر اعلیٰ مریم نواز نے وانا میں دہشت گردی کی کوشش ناکام بنانے پر اظہار تشکر کیااورسکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیاہے ،انہوں نے کہاکہ سکیورٹی فورسز کا وانا اور گرد و نواح کی آبادی کو ممکنہ تباہی سے بچانا پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...