نورین نیازی کا معرکہ حق پر متنازعہ بیان ، نوٹس جاری

نورین نیازی کا معرکہ حق پر متنازعہ بیان ، نوٹس جاری

20 جولائی کو این سی سی آئی اے پیش ہو کر بیان ریکارڈ کرانیکی ہدایت نورین کا بیان ان کے بھائی بانی پی ٹی آئی کی سوچ کی عکاسی کرتا:عظمیٰ بخاری

اسلام آباد،لاہور (دنیا نیوز، مانیٹرنگ ڈیسک)بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن نورین نیازی کے ایک یوٹیوب انٹرویو میں دئیے گئے بیانات پر سیاسی اور عوامی  حلقوں میں بحث چھڑ گئی۔ انٹرویو میں انہوں نے معرکہ حق، پاک فوج اور بھارت سے متعلق متعدد متنازعہ دعوے کئے ،جن میں انہوں نے الزام عائد کیا کہ معرکہ حق افواجِ پاکستان اور بھارتی وزیرِاعظم نریندر مودی کے درمیان گٹھ جوڑ کا نتیجہ تھا،انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ بھارت نے اسرائیل کے کہنے پر پاکستان پر حملہ نہیں کیا کیونکہ پاکستان اسرائیل کو تسلیم کرنے جا رہا تھا،اس پر مختلف حلقوں کی جانب سے سخت ردعمل سامنے آیا۔نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے )نے نورین نیازی کو سوشل میڈیا پر مبینہ مواد سے متعلق انکوائری کے سلسلے میں نوٹس جاری کر دیا۔

نوٹس کے مطابق نورین نیازی کو 20 جولائی کو اسلام آباد میں این سی سی آئی اے کے سامنے ذاتی حیثیت میں پیش ہو کر اپنا بیان ریکارڈ کرانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔این سی سی آئی اے کا کہنا ہے ان کے خلاف ریاستی اداروں کے بارے میں مبینہ طور پر جھوٹا اور اشتعال انگیز مواد سوشل میڈیا پر پھیلانے کے الزام کے تحت تحقیقات کی جا رہی ہیں جس کے لیے انہیں طلب کیا گیا ہے ۔دوسری طرف ماہرین کا کہنا تھا کہ عمران خان کی بہن نے یہ بیان دے کر ذاتی مفادات کیلئے سرخ لائن عبور کی ہے ،دیگرسیاسی تجزیہ کاروں اور ناقدین نے نورین نیازی کے بیانات کو غیر ذمہ دارانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے بیانات قومی بیانیے کو نقصان پہنچا سکتے ہیں اور پاکستان مخالف پراپیگنڈے میں استعمال ہو سکتے ہیں۔

نورین نیازی یا پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے ان بیانات پر کوئی باضابطہ وضاحت سامنے نہیں آئی۔ وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے نورین نیازی کے بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ بیان ان کے بھائی کی سوچ کی عکاسی کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ معرکہ حق میں پاکستان کی کامیابی کو دنیا نے تسلیم کیا اور پاک افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر پوری قوم کو فخر ہے ۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پاک فوج نے معرکہ حق میں تاریخی کامیابیاں حاصل کیں اور قوم اپنی مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے ۔ انہوں نے نورین نیازی کے بیان کو افسوسناک اور قابلِ مذمت قرار دیتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور تینوں بہنیں یا تو دنیا کی عقل کُل شخصیات ہیں یا پاگل ہیں، بانی پی ٹی آئی اورانکی فیملی سے پاکستان کیلئے کبھی کوئی خیرہوہی نہیں سکتی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...