انکم ٹیکس ریٹرن کیس،بورڈ آف ریونیو کا حکم کالعدم قرار

 انکم ٹیکس ریٹرن کیس،بورڈ آف ریونیو کا حکم کالعدم قرار

کمشنر ان لینڈ ریونیو کو قانون کے مطابق تفصیلی وجوہات پر مبنی نیا حکم جاری کرنیکی ہدایت

کراچی (سٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ نے نجی کمپنی کو نظر ثانی شدہ انکم ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کی اجازت نہ دینے سے متعلق وفاقی بورڈ آف ریونیو کا حکم کالعدم قرار دیتے ہوئے متعلقہ کمشنر ان لینڈ ریونیو کو قانون کے مطابق تفصیلی وجوہات پر مبنی نیا حکم جاری کرنے کی ہدایت کر دی۔ درخواست گزار کمپنی کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ کمپنی نے ٹیکس سال 2019 کے انکم ٹیکس ریٹرن اگست 2020 میں جمع کرائے تھے ، جن کے ساتھ غیر آڈٹ شدہ مالیاتی گوشوارے منسلک کیے گئے تھے ۔ وکیل نے عدالت کو بتایا کہ بعد ازاں کمپنی نے 2021 میں انکم ٹیکس قوانین کے تحت نظر ثانی شدہ ریٹرن جمع کرانے کی اجازت طلب کی تاکہ آڈٹ شدہ مالیاتی گوشوارے جمع کرائے جا سکیں، تاہم ایف بی آر نے درخواست مسترد کر دی۔

درخواست گزار کے وکیل کے مطابق ایف بی آر نے کمپنی کے خلاف 51 کروڑ روپے سے زائد ٹیکس واجبات کا اسسمنٹ آرڈر بھی جاری کر دیا، حالانکہ کمپنی نے صرف آڈٹ شدہ مالیاتی گوشوارے جمع کرانے کے لیے نظر ثانی شدہ ریٹرن کی اجازت مانگی تھی۔ دوسری جانب ایف بی آر کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ کمپنی کو شوکاز نوٹس جاری کیا جا چکا ہے اور قانون کے تحت کمپنی پر ٹیکس، ڈیفالٹ سرچارج اور جرمانے عائد ہونا لازمی تھے ۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ انکم ٹیکس آرڈیننس کے متعلقہ سیکشن کا اطلاق صرف اس صورت میں ہوتا ہے جب نظر ثانی شدہ ریٹرن حقیقتاً جمع کرائے گئے ہوں، جبکہ موجودہ معاملے میں درخواست گزار کی اجازت کی درخواست مسترد ہونے کے باعث نظر ثانی شدہ ریٹرن کبھی جمع ہی نہیں کرائے گئے۔

عدالت نے مزید قرار دیا کہ مالیاتی قوانین کی تشریح کرتے وقت قانون کے واضح الفاظ کو ہی مقدم رکھا جاتا ہے اور عدالت کسی ایسے مفہوم کا اضافہ نہیں کر سکتی جو قانون میں موجود نہ ہو۔ سندھ ہائی کورٹ نے یہ بھی آبزرو کیا کہ ایف بی آر نے کمپنی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے اپنے فیصلے کی وجوہات بیان نہیں کیں، جو قانونی تقاضوں کے منافی ہے ۔ عدالت نے ایف بی آر کا حکم کالعدم قرار دیتے ہوئے متعلقہ کمشنر ان لینڈ ریونیو کو ہدایت کی کہ درخواست گزار کی درخواست پر قانون کے مطابق دوبارہ غور کرتے ہوئے تفصیلی وجوہات پر مبنی نیا حکم جاری کیا جائے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...