وانا:بارود سے بھری گاڑی خودکش دھماکے سے پہلے تباہ

وانا:بارود سے بھری گاڑی خودکش دھماکے سے پہلے تباہ

سکیورٹی فورسز نے 3 دن تک نگرانی کی، آبادی سے دور جانے پر نشانہ بنایا 1خارجی ہلاک،5 زخمی ،ٹانک میں آپریشن،مطلوب خارجی کمانڈر مارا گیا

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سکیورٹی فورسز نے وانا میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردی کی بڑی کوشش ناکام بنا دی۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق وانا میں بارودی مواد سے بھری گاڑی خودکش حملے سے پہلے ہی تباہ کردی گئی، گاڑی میں موجود  دھماکا خیز مواد ممکنہ طور پر دہشتگرد حملے میں استعمال کیا جانا تھا۔ذرائع کا کہنا ہے کارروائی میں سکیورٹی فورسز نے پیشہ ورانہ مہارت سے معصوم شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا، خودکش حملے کیلئے تیار گاڑی کی مسلسل 3 دن نگرانی کی گئی اور آبادی سے دور جانے پر اسے نشانہ بنایا گیا۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی میں بارود سے بھری گاڑی اور موٹر سائیکل تباہ ہو گئے جبکہ ایک خارجی ہلاک اور 5 زخمی ہوئے۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ فورسز نے وانا اور گرد و نواح کی آبادی کو ممکنہ تباہی سے بچایا، خودکش حملے کا ناپاک منصوبہ وقت سے پہلے ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو سلام پیش کرتا ہوں۔دوسری جانب خیبرپختونخوا کے ضلع ہنگو میں فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کی جانب سے گزشتہ رات خزینہ چیک پوسٹ پر قبضے کی کوشش ناکام بنادی گئی۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کے مطابق پولیس اہلکاروں نے فوری اور بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے تقریبا تین گھنٹے تک دہشتگردوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جس کے باعث حملہ آور اپنے عزائم میں ناکام رہے ۔شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایلیٹ فورس کا ایک جوان زخمی ہوگیا جسے فوری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے ۔پولیس کے مطابق علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے اور سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے ۔انسداد دہشت گردی فورس (سی ٹی ڈی ) نے ٹانک میں ڈیرہ اسماعیل خان روڈ پر کورائی کے مقام پر ایک ٹارگٹڈ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے مطلوب خارجی کمانڈر خالد عرف کمانڈر ولد سدو زئی عرف الو زئی کو فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک کردیا۔ترجمان کے مطابق ہلاک خارجی سی ٹی ڈی کے شہید کانسٹیبل محمد علی کی ٹارگٹ کلنگ سمیت متعدد مقدمات میں مطلوب تھا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...