پٹرول مہنگا، کرایوں میں اضافہ،نئی پالیسی پر ہڑتال کی دھمکی
گڈزمنی مزداگاڑیوں کا کرایہ 10فیصد بڑھ گیا،پبلک ٹرانسپورٹ پربھی اطلاق قیمتوں کے تعین کی نئی پالیسی پر اعتماد میں لیں:ٹرانسپورٹرز،پٹرول پمپ مالکان
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد ملک بھر میں پبلک ٹرانسپورٹ اور مال بردار گاڑیوں کے کرایوں میں اضافہ کر دیا گیا جبکہ ٹرانسپورٹرز اور پٹرول پمپ مالکان نے نئی پالیسی کے خلاف احتجاج اور ہڑتال کی دھمکی دے دی۔سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 5 روپے 44 پیسے اضافے کے بعد نئی قیمت 316 روپے 15 پیسے فی لٹر جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل 31 روپے اضافے کے بعد 354 روپے 35 پیسے فی لٹر مقرر کر دی گئی ہے۔
حکومت نے اعلان کیا ہے کہ آئندہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین روزانہ کی بنیاد پر کیا جائے گا۔قیمتوں میں اضافے کے فوری بعد پاکستان منی مزدا گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن نے ملک بھر میں منی مزدا گاڑیوں کے کرایوں میں 10 فیصد اضافے کا اعلان کر دیا۔ ایسوسی ایشن کے صدر حاجی شیر علی چودھری کے مطابق ایندھن مہنگا ہونے سے ٹرانسپورٹ کے اخراجات میں اضافہ ہوا، جس کے باعث کرایوں میں اضافہ ناگزیر ہو گیا۔لاہور سے مختلف شہروں کیلئے چلنے والی مسافر بسوں اور دیگر پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے۔
وفاقی وزیرپٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ اوگرا اب سات روزہ اوسط قیمت کی بنیاد پرپٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین کرے گا،یہ فیصلہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث کیا گیا ہے ۔ وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ عوام پر بوجھ کم رکھنے کیلئے پٹرولیم لیوی میں کمی کی گئی ہے اور ذخیرہ اندوزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔دوسری جانب ٹرانسپورٹرز اور پٹرول پمپ مالکان نے نئی پالیسی پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ قیمتوں کے تعین سے قبل تمام متعلقہ فریقوں کو اعتماد میں لیا جائے ، بصورت دیگر آئندہ ہفتے احتجاج اور ہڑتال پر غور کیا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments